روپے میں پھر نظر آئی تاریخی گراوٹ، پہلی مرتبہ 87 روپے سے زیادہ کا ہوا ڈالر
نئی دہلی۔ ہندوستانی روپیہ ایک بار پھر امریکی ڈالر کے مقابلے میں زبردست گراوٹ کا شکار ہوا ہے، اور 87.12 روپے فی ڈالر کی سطح تک پہنچ گیا ہے۔ ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر مسلسل گر رہی ہے۔ 3 فروری کو کاروبار کے آغاز میں ہی روپیہ 67 پیسے کی گراوٹ کے ساتھ 87.29 روپے فی ڈالر کی نچلی سطح پر پہنچ گیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے میکسیکو، کینیڈا اور چین پر نئے تجارتی ٹیرف عائد کرنے کے فیصلے کے بعد عالمی تجارتی کشیدگیاں بڑھ گئی ہیں، جس کے نتیجے میں مقامی کرنسی پر دباؤ آیا اور روپے کی قدر میں یہ زبردست کمی دیکھنے کو ملی۔
روپے کی اس تاریخی گراوٹ کے بعد کانگریس نے مودی حکومت پر پھر سے سخت حملہ کیا ہے۔ کانگریس نے اپنے آفیشل ‘ایکس’ ہینڈل پر ایک پوسٹ شیئر کی ہے جس میں وزیرِاعظم مودی کا ایک پرانا بیان شامل ہے، جس میں انہوں نے کہا تھا، “جیسے جیسے روپیہ گرتا ہے، وزیرِاعظم کا وقار گرتا ہے۔”
اس بیان کے ذریعے کانگریس نے حکومت پر تنقید کی ہے اور روپے کی گراوٹ کو وزیرِاعظم کی ناکامی کے طور پر پیش کیا ہے۔