مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، سپاہ پاسداران کی بحریہ کے سربراہ ایڈمرل علی رضا تنگسیری نے کہا ہے کہ علاقائی سلامتی کو یقینی بنانے کے سلسلے میں ایرانی فوج کے چار بحری جہاز متحدہ عرب امارات کی بحریہ کے دورے پر جائیں گے۔ ایرانی جہازوں کا یہ اپنی نوعیت کا پہلا دورہ ہوگا۔
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ خطے کے ممالک خود اپنی سیکیورٹی یقینی بناسکتے ہیں لہذا یہاں غیر ملکی موجودگی کی ضرورت نہیں ہے۔
مختلف ممالک کے ساتھ مشترکہ مشقوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بحریہ کے کمانڈر نے کہا کہ عراق سمیت ہمسایہ ممالک کے ساتھ مشقیں ایجنڈے میں شامل ہیں۔ اس حوالے سے عمانی بحریہ کے ساتھ بھی رابطے کیے گئے ہیں۔
آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کی سیکیورٹی پر زور دیتے ہوئے ایڈمرل تنگسیری نے کہا کہ ایران کئی برسوں سے اس آبنائے کی سیکیورٹی یقینی بنارہا ہے اور اس سلسلے میں مؤثر اقدامات کیے گئے ہیں۔
ڈرون بردار بحری جہاز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ایران کے پاس ایسے بحری جہاز موجود ہیں جو ہیلی کاپٹر اور ڈرونز لے جانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اس نوعیت کے جہاز جلد ہی سپاہ پاسداران کی بحریہ میں شامل کیے جائیں گے۔