نئی دہلی۔ ہندوستان کی ریاست بہار میں ایک بندر نے دسویں جماعت کی طالبہ کو چھت سے دھکیل دیا جس کے نتیجے میں وہ نیچے گر کر ہلاک ہوگئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ ضلع سیوان موضع مگھبر بھگوان پور پولیس اسٹیشن کے حدود ٹکل رونما ہوا۔ سرد موسم کی وجہ سے پریہ کماری نامی طالبہ چھت پر دھوپ میں بیٹھ کر پڑھ رہی تھی کیونکہ اگلے مہینہ سے امتحانات شروع ہونے والے ہیںکہ اس دوران اچانک وہاں بندروں کا ایک جھنڈ آ گیا جسے دیکھ کر طالبہ خوفزدہ ہوگئی۔
محلہ کے لوگوں نے بندروں کو دیکھ کر شور مچایا تو پریہ کماری نے بھی خوف کے مارے چھت سے نیچے گھر میں جانے کی کوشش کی تاہم اس دوران ایک بندر نے اسے دھکا دے دیا جس کے باعث وہ چھت سے نیچے گر کر شدید زخمی ہوگئی۔
اسے فوری طور پر ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس کی موت کی وجہ سر کمر اور جسم کے دیگر حصوں پر آنے والی گہری چوٹیں ہیں۔ اس واقعہ کے بعد مقامی افراد میں خوف کی لہر دوڑ گئی۔