انجینئر و عالمہ محترمہ سیدہ صدف کا خطاب
“26/جنوری، کو یوم جمہوریہ کے طور مناتے ہوئے ہم 76 سال تک پہنچ چکے ہیں یہ دن ہم سب ہندوستانیوں کے لئے ایک قومی تیوہار کی حیثیت رکھتا ہے آج ہی کے دن 1950/کو گورنمنٹ آف انڈیا ایکٹ 1935 کو ہٹاکر ہندوستان کا آئین نافذ کیا گیا تھا”،
انجینئر و عالمہ سیدہ صدف یوم جمہوریہ کی تقریب کے موقع پر جامعہ مکارم الاخلاق اور جامعہ راحت عالم للبنات کی طالبات سے مخاطب تھیں ،
انہوں نے مزید بتایا کہ دستور ہند کے نفاذ کے لئے خاص 26/ جنوری کی تاریخ کو منتخب کرنے کی وجہ یہ ہے کہ دراصل اسی دن 1930/ میں ہندوستانیوں نے انگریزوں سے مکمل خود مختاری کا مطالبہ کیا تھا جس کو انگریزوں نے رد کردیا تھا، اسی مناسبت سے آزادی کےبعد سے ہر سال 26/ جنوری کو صدر جمہوریہ کے ذریعہ یوم جمہوریہ کا ترنگا لہرایا جاتا ہے، گویا اس دن کو ہندوستان کی مکمل خود مختاریت کی علامت کے طور پر دیکھا جاتا ہے، ۔
سیدہ صدف نے طالبات کو دستور ہند کی خصوصیات سے واقف کرایا اور کہا کہ ہم سب کو اپنے ملک کے دستور سے پوری طرح واقف ہونا چاہئے جو ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی صدارت میں ترتیب دیا گیا،تاکہ ہمیں اپنے حقوق اور فرائض کی مکمل جانکاری حاصل ہو، اس طرح ہم اپنی ذمہ داریوں کو بہتر طور پر ادا کرسکتے ہیں اور نا انصافی پر آواز اٹھا سکتے ہیں۔
اس تقریب سے قبل ترنگا لہرایا گیا، جامعہ ھذا کے طالب علم، محمد عالم الدین مکرم کو پرچم کشائی کا اعزاز حاصل ہوا، اس تقریب میں جامعہ کی طالبات نے اردو اور انگریزی میں تقاریر کیں اور حب الوطنی پر ترانے پیش کئے،
ڈاکٹر رفعت سیما، ڈائریکٹر جامعہ مکارم الاخلاق نے اس موقع پر طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے تعلیم کی اہمیت پر زور دیا اور اقوام عالم میں سربلندی کے لئے مطلوبہ اوصاف و کردار پیدا کرنے کی تلقین کی آخر میں امن و امان اور اتحاد و سلامتی کی دعاؤں کے ساتھ پروگرام کو اختتام عمل میں آیا۔