ڈاکٹر جتیندرسنگھ نے کہاکہ لکھنو میں سی ایس آر لیبارٹری میں نمونوں کی جانچ پڑتال کے دوران ٹاکسن کا انکشاف ہوا ہے اور اس ضمن میں ماہرین اور ڈاکٹروں نے مزید جانچ پڑتال شروع کی ہے۔
وزیر اعظم دفتر میں تعینات وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے بدھ کے روز کہاکہ راجوری کے بدھل گاؤں میں نمونوں کی جانچ پڑتال کے دوران بیماری یا وائرس نہیں پایا گیا۔ انہوں نے کہاکہ لکھنو سی ایس آر لیبارٹری میں نمونوں کی جانچ پڑتال کے دوران منکشف ہوا کہ یہ کوئی ٹاکسن ہے جس کی تحقیقات ہو رہی ہے۔ ان باتوں کا اظہار وزیر نے کٹھوعہ میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
انہوں نے کہاکہ جہاں تک بدھل راجوری میں پرا سرار اموات کا تعلق ہے تو مرکزی ٹیم اس وقت راجوری میں خیمہ زن ہے۔ انہوں نے کہاکہ لکھنو میں سی ایس آر لیبارٹری میں نمونوں کی جانچ پڑتال کے دوران ٹاکسن کا انکشاف ہوا ہے ۔ اور اس ضمن میں ماہرین اور ڈاکٹروں نے مزید جانچ پڑتال شروع کی ہے۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہاکہ بدھل راجوری میں کوئی بیماری یا وائرس نہیں اب اموات کیسے ہو رہی ہے یہ جانچ کا معاملہ ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ بدھل گاؤں میں ٹیسٹنگ کا عمل لگاتار جاری ہے اور اگر کسی نے شرارت کی ہے تو وہ بھی سامنے آئے گا۔
جموں وکشمیر میں تعمیر وترقی کے کام شروع کرنے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں مرکزی وزیر مملکت نے کہاکہ گزشتہ چھ برسوں کے دوران مودی جی نے جموں وکشمیر کے لئے بہت کچھ کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ امن و امان کی بحالی کے ساتھ ساتھ لوگوں کے جان و مال کو تحفظ فراہم کیا گیا جبکہ نوجوانوں کو مین اسٹریم کی طرف راغب کرنے کا سہرا موجودہ مرکزی سرکار کے سر ہے۔