دیویندر یادو نے بدعنوانی اور ناکارہ حکمرانی پر کیجریوال حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا، بادلی میں ترقیاتی کاموں کا وعدہ اور خواتین، نوجوانوں کو خصوصی مراعات دینے کا اعلان کیا
نئی دہلی: دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اور بادلی اسمبلی حلقہ سے کانگریس امیدوار دیویندر یادو نے اتوار کے روز اپنی انتخابی مہم کے دوران پانچ عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے دہلی میں گزشتہ 11 برسوں کے دوران کیجریوال حکومت کی بدعنوانی اور ناکارہ حکمرانی پر سخت تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ کیجریوال کے جھوٹے وعدوں اور غلط پالیسیوں کے باعث دہلی والے مسائل میں گھرے ہوئے ہیں لیکن 5 فروری کے بعد کانگریس حکومت بننے پر سبھی پریشانیوں کا خاتمہ کیا جائے گا۔
دیویندر یادو نے کہا کہ کانگریس حکومت بننے کے بعد دہلی میں شیلا دکشت کے 15 سالہ دورِ حکومت جیسا ترقیاتی کام کیا جائے گا۔ انہوں نے صحت، خواتین اور نوجوانوں کے لیے خصوصی منصوبے پیش کیے، جن میں ہر دہلی والے کو 25 لاکھ کا صحت بیمہ، خواتین کو ماہانہ 2500 روپے اور نوجوانوں کو پہلی ملازمت تک 8500 روپے ماہانہ شامل ہیں۔
انہوں نے بادلی میں موجودہ ایم ایل اے کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے علاقے میں کوئی ترقیاتی کام نہیں کیا۔ یادو نے کہا کہ وہ اپنے دور میں سیور لائن، راشن کارڈ اور پنشن جیسی سہولیات کے لیے لڑے، مگر موجودہ حکومت نے سب کچھ بند کر دیا۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ دوبارہ منتخب ہونے پر پانی کی قلت اور سیور کی مشکلات کو جڑ سے ختم کریں گے۔
دیویندر یادو نے ’مہنگائی مکتی یوجنا‘ کے تحت ہر ضرورت مند دہلی والے کو 500 روپے میں گیس سلنڈر اور راشن کٹ دینے کا اعلان کیا، جس میں چاول، چینی، دال، تیل اور چائے کی پتی شامل ہوگی۔ انہوں نے 300 یونٹ مفت بجلی دینے کی بات کی اور کیجریوال کے 200 یونٹ کے دھوکے کی نشاندہی کی، جس سے غریب طبقہ بھی متاثر ہو رہا ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی کہ موجودہ ایم ایل اے سے پوچھیں کہ وہ پانچ سال کہاں تھے؟
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔