مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے تہران اور ماسکو کے درمیان ہونے والے جامع معاہدے کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اور روس کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کے معاہدے کا مقصد یہ پیغام دینا ہے کہ دونوں ممالک کسی بھی بیرونی دباؤ کو برداشت نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایران اور روس خودمختارانہ طور پر پالیسیوں پر عمل پیرا ہیں۔ دونوں ممالک علاقے میں امن، استحکام اور اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کے لیے تیار ہیں۔
صدر پزشکیان نے مزید کہا کہ ہمیں مغرب کی ضرورت نہیں ہے۔ معاہدے پر دستخط سے یہ بات واضح ہوجاتی ہے کہ دونوں ممالک کا نقطہ نظر یکساں ہے اور اگر دونوں ممالک بیرونی دباؤ قبول کرتے تو اب تک اپنی پالیسیوں میں کئی تبدیلیاں کر چکے ہوتے۔
یاد رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ تعاون کے جامع معاہدے پر 17 جنوری کو ماسکو میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان اور روسی صدر ولادیمیر پوٹن کے درمیان کرملین میں مذاکرات کے بعد دستخط کیا گیا۔ اس معاہدے میں ایران اور روس کے تمام دو طرفہ تعلقات کے شعبوں کا احاطہ کیا گیا ہے جن میں دفاع، دہشت گردی کے خلاف جنگ، توانائی، سرمایہ کاری، نقل و حمل، صنعت، زراعت، ثقافت، سائنس اور ٹیکنالوجی شامل ہیں۔