جنگ بندی معاہدہ کے تحت اسرائیلی فوج غزہ کی سرحد پر ایک بفر زون میں واپس چلی جائے گی جبکہ فلسطینی قیدیوں، خاص طور سے خواتین اور بچوں کو یرغمالوں کے بدلے میں رہا کیا جائے گا۔ جنگ بندی کا پہلا مرحلہ 42 دنوں تک چلنے کا امکان ہے، جس کے دوران زیادہ مستقل حل کے لیے بات چیت شروع ہوگی۔
وہیں اسرائیل کے وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو نے انتباہ کیا ہے کہ معاہدہ کے باوجود اگر ضرورت پڑی تو اسرائیل فوجی کارروائی پھر سے شروع کرنے کا حق رکھتا ہے۔ اس درمیان نیتن یاہو نے الزام لگایا ہے کہ حماس نے ابھی تک یرغمالوں کی فہرست جاری نہیں کی ہے، جس کی وجہ سے اسرائیل جنگ بندی پر کام نہیں کر پا رہا ہے۔ نیتن یاہو نے حماس کو سخت پیغام دیتے ہوئے فہرست جلد مانگی ہے۔