راجدھانی دہلی میں شدید ٹھنڈ اور گھنے کہرے کا سلسلہ جاری ہے۔ آبادی والی کالونیوں میں بھی گھنے کہرے کا اثر صاف دیکھنے کو مل رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جنوری میں راجدھانی میں ابھی اور بارش ہونی باقی ہے اور اس سے پہلے کہرے کی گھنی چادر رہے گی۔ اس کی وجہ سے لوگوں کو پریشانی ہو سکتی ہے۔ کل ملا کر موسم ابھی الگ الگ رنگ دکھائے گا۔
عالم یہ ہے کہ آئی جی آئی ایئرپورٹ پر صبح تین سے ساڑھے سات بجے تک ساڑھے چار گھنٹے تک حد نگاہ صفر رہی۔ وہیں رات ڈیڑھ بجے سے صبح ساڑھے سات بجے تک 6 گھنٹے صفدر جنگ پر حد نگاہ کی سطح محض 200 میٹر درج کی گئی۔ گھنے کہرے کی وجہ سے ریل، سڑک اور فضائی خدمات بھی متاثر ہوئی ہے۔ عام زندگی پر اس کا کافی اثر دیکھنے کو مل رہا ہے۔