ریونت ریڈی نے کہا کہ 3 مرتبہ مودی جیتے، 3 مرتبہ کیجریوال جیتے، 3 مرتبہ شیلا دیکشت جیتیں، تینوں میں فرق صاف ہے۔ مودی-کیجریوال نے عوام سے کیا کوئی وعدہ پورا نہیں کیا، لیکن شیلا دیکشت نے ہر وعدہ نبھایا۔
دہلی اسمبلی انتخاب میں کانگریس عوام کی توجہ اپنی طرف مبذول کرنے کی پوری کوشش کر رہی ہے۔ آج تو پارٹی نے 500 روپے میں رسوئی گیس سلنڈر، 300 یونٹ مفت بجلی اور ہر مہینے راشن کٹ دینے کا وعدہ بھی کیا، جس سے عآپ اور بی جے پی دونوں خیمہ میں ہلچل لازمی ہے۔ اس سے قبل کانگریس نے ’پیاری دیدی یوجنا‘، ’جیون رکشا یوجنا‘ اور ’یوا اُڑان یوجنا‘ کا اعلان کیا تھا، یعنی کانگریس عوام کے ہر مسئلہ کا حل اپنے منصوبوں کے ذریعہ سامنے لے کر آ گئی ہے۔ آج جب کانگریس نے ’مفت بجلی یوجنا‘ اور ’مہنگائی مکتی یوجنا‘ کا اعلان کیا تو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے پی ایم مودی اور دہلی کے سابق وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال پر زوردار انداز میں حملہ کیا۔
ریونت ریڈی نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ’’تلنگانہ میں ہم نے آبکاری گھوٹالہ کے چھوٹے پارٹنر کو شکست دے کر واپس بھیج دیا، اور دہلی میں آبکاری گھوٹالے کے سرغنہ کو شکست دے کر دہلی کی عوام کو بدعنوانی، بدتر حکمرانی سے راحت دلائیں گے۔‘‘ ظاہر ہے، ریونت ریڈی نے اس بیان کے ذریعہ اروند کیجریوال کو ہدف تنقید بنایا ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ ’’ہم نے تلنگانہ میں حکومت بنانے کے 13 مہینوں میں عوام سے کی گئی 5 گارنٹیوں کو پورا کرنے کی کوشش کی۔ ہم نے تلنگانہ میں پہلے ہی سال میں کسانوں کے 21 ہزار کروڑ روپے معاف کیے، کیونکہ کسانوں کے 2 لاکھ روپے تک قرض معاف کرنے کا ہم نے وعدہ کیا تھا۔ بے روزگاری سے راحت دے کر 55143 نوجوانوں کو حکومت میں ملازمت دی۔ اب تک 1.20 کروڑ خواتین کو مفت بس سفر کے تحت 4000 کروڑ روپے خرچ کیے۔ 50 لاکھ کنبوں کو 500 روپے میں گیس سلنڈر دیا ہے، اور 50 لاکھ کنبوں کو 200 یونٹ بجلی مفت دی ہے۔‘‘ یہ تفصیل پیش کرنے کے بعد انھوں نے کہا کہ ’’کانگریس جو وعدہ کرتی ہے، انھیں نبھاتی ہے۔ میں دہلی کی عوام کو بھروسہ دلاتا ہوں کہ دہلی میں 5 فروری کو کانگریس کو ووٹ دے کر منتخب کریں، کانگریس دہلی کی عوام کی ضرورتوں کو پورا کرے گی۔‘‘
پریس کانفرنس میں ریونت ریڈی نے شیلا دیکشت کے ذریعہ کیے گئے کاموں کو بھی یاد کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’3 مرتبہ نریندر مودی جیتے، 3 مرتبہ کیجریوال جیتے اور 3 مرتبہ شیلا دیکشت جیتیں، فرق صاف دکھائی دیتا ہے۔ مودی اور کیجریوال نے عوام سے کیا کوئی وعدہ پورا نہیں کیا، جبکہ شیلا دیکشت نے دہلی کی عوام سے کیا ہر وعدہ پورا کیا۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’مودی جی چاند پر لے جانے کی بات کرتے ہیں، کیجریوال دہلی کو پیرس بنانے کی بات کرتے ہیں، لیکن دونوں نے دہلی کے لیے کوئی کام نہیں کیا۔ شیلا دیکشت جی کے 15 سالوں میں کیے ترقیاتی کاموں کو عآپ اور بی جے پی نے برباد کر دیا۔ انھوں نے دہلی کو آلودہ، ٹرانسپورٹ، صحت، تعلیم کے شعبہ میں بدحال بنا دیا ہے۔‘‘
اس پریس کانفرنس سے دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو نے بھی خطاب کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’بھارت جوڑو یاترا سے ترغیب حاصل کر ہم نے ایک ماہ تک ’دہلی نیائے یاترا‘ نکالی۔ ہم دہلی کے ہر گوشے، گلی و محلے میں گئے اور دہلی والوں کی تکلیفوں و مسائل کو سمجھ کر انھیں راحت دینے کے مقصد سے 5 گارنٹیاں لے کر آئے ہیں۔‘‘ انھوں نے کانگریس کی گارنٹیوں کی تفصیل بیان کرتے ہوئے کہا کہ ’’پیاری دیدی یوجنا میں ہر خاتون کو 2500 روپے ماہانہ، جیون رکشا یوجنا کے تحت دہلی کی عوام کو ہیلتھ انشورنس کی شکل میں 25 لاکھ روپے تک مفت علاج، یوا اڑان یوجنا میں تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوان کی پہلی ملازمت پختہ کر کے انھیں ایپرنٹس شپ کے تحت ایک سال تک 8500 روپے دینے کا وعدہ کیا ہے۔‘‘ وہ مزید بتاتے ہیں کہ ’’آج چوتھی گارنٹی لے کر آئے ہیں جس میں دہلی والوں کو 500 روپے میں رسوئی گیس سلنڈر دیں گے اور ہر ماہ راشن کٹ دیں گے جس میں 5 کلو چاول، 2 کلو چینی، ایک لیٹر کھانے کا تیل، 6 کلو دال اور 250 گرام چائے پتی ہوگی۔ پانچویں گارنٹی کے تحت 300 یونٹ بجلی مفت دیا جائے گا۔‘‘
اس موقع پر کانگریس کے دہلی انچارج قاضی نظام الدین نے کہا کہ دہلی کی عوام کے بھروسے پر کھرا اترنے کے لیے پچھلی 3 گارنٹیوں کے بعد آج تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی 2 گارنٹیوں ’مہنگائی سے مکتی‘ اور ’300 یونٹ مفت بجلی‘ کا اعلان کر رہے ہیں۔ کانگریس کی حکومت بنتے ہی ان گارنٹیوں کو پورا کیا جائے گا۔ قاضی نظام الدین نے مزید کہا کہ کانگریس ایک بھروسہ مند پارٹی ہے، راہل گاندھی اور ملکارجن کھڑگے کی رہنمائی میں ہم دہلی کی عوام سے کیے ہر وعدے کو پورا کریں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔