سرکاری دواخانہ نظام آباد میں مریضوں کے ساتھ علاج میں کوئی کوتاہی نہیں کی جائے گی: سپرنٹنڈنٹ گورنمنٹ ہاسپٹل

نظام آباد: سپرنٹنڈنٹ گورنمنٹ ہاسپٹل نظام آباد ڈاکٹر پی۔سرینواس نے کہاکہ سرکاری دواخانہ میں علاج کیلئے آنے والے مریضوں کے ساتھ علاج کے معاملہ میں کوئی کوتاہی نہیں کی جائے گی اور عملہ کو ہمیشہ متحرک رکھا جائے گا۔ آج سپرنٹنڈنٹ کی حیثیت سے جائزہ حاصل کرنے کے بعد کانگریس اقلیتی قائدین کے ساتھ منعقدہ ایک اجلاس میں انہوں نے کہاکہ دواخانہ سے متعلق تمام شکایات اور مسائل کا جائزہ لیا جائے گا اور یہاں موجود درکار سہولتوں سے آنے والے غریبوں کو استفادہ کرایا جائے گا۔

 کانگریس کے قائدین کے ایک وفد نے ان سے آج تفصیلی ملاقات کی اور بتایاکہ حکومت طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کررہی ہے اور بالخصوص سرکاری دواخانہ میں غریب عوام رجوع ہوتی ہے طبی عملہ کی لاپرواہی اور انہیں بروقت طبی امداد نہ پہنچانے کی شکایات عام ہورہی ہے۔

 ایک طرف حکومت طبی سہولتوں کیلئے خطیر رقومات خرچ کررہی ہے وہیں اِن شکایات کے ازالہ کیلئے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ دواخانہ میں ڈائیلاسیس کیلئے کڈنی (گردے) کے مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ میٹرنٹی وارڈس میں خواتین کو بیڈس کی سہولت نہ ہونے کے باعث مشکلات ہورہی ہیں۔

وفد نے اس تاثر کا اظہار کیا کہ دواخانہ میں صفائی کا کوئی انتظام موثر نہیں ہے اور ٹائلیٹس میں گندگی بڑھ گئی ہے۔ دواخانہ میں لیب کی سہولت سے استفادہ کے اقدامات کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر پی۔ سرینواس نے کہاکہ وہ اندرون ایک ماہ تمام مسائل پر قابو پانے کے اقدامات کریں گے اور ہر ماہ اقلیتی قائدین کے ساتھ اجلاس بھی منعقد کریں گے۔

 انہوں نے کہاکہ مزید انفراسٹرکچر کی سہولت کی ضرورت ہے جس پر وفدنے بتایاکہ وہ بالخصوص نظام آباد انچارج محمد علی شبیر مشیر حکومت تلنگانہ نے بھی دواخانہ کے بارے میں اور یہاں سہولتوں کی فراہمی کے لئے سنجیدہ ہیں اور وہ بھی بہت جلد دواخانہ کا دورہ کریں گے۔ اجلاس میں انہوں نے تمام قائدین سے دواخانہ میں موثر انتظامات کو روبہ عمل لانے کے لئے تعاون کی خواہش کی وفد نے امید ظاہر کی کہ وہ انتظامی امور کی سخت نگرانی کریں گے اور مریضوں کے سلسلہ میں کوئی لاپرواہی نہیں کی جائے گی۔

اس موقع پر کانگریس قائدین میں مسرز سید نجیب علی ایڈوکیٹ، ایم اے فہیم سابق ڈپٹی میئر، محمد عبدالقدوس، ہارون خان کارپوریٹرس، اشفاق احمد خان، محمد مجاہد خان، مصباح الدین سابق کارپوریٹرس، محمد سمیر احمد زونل پریسیڈنٹ قومی تنظیم، سینئر قائد کانگریس مولانا کریم الدین کمال، مفصر پٹیل عرف مشو پٹیل، شیخ جعفر، محمد عبدالوحید، محمد ظفر اور دیگر شامل تھے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *