ایران اور تاجکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون وسیع مواقع موجود ہیں، صدر پزشکیان

مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے ایران اور تاجکستان کے اعلی سطحی وفود کے مشترکہ مذاکرات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور تاجکستان کے درمیان مضبوط تعلقات اور رشتہ ہے اسی وجہ سے لگتا ہے کہ میں اپنے ہی ملک میں ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ایران اور تاجکستان علمی، اقتصادی، ثقافتی، سیاسی اور دفاعی شعبوں میں مزید گہرے اور وسیع تعاون کر سکتے ہیں۔ آج دستخط ہونے والے معاہدے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید فروغ دیں گے۔

صدر پزشکیان نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے فروغ کو بہت سے مسائل کے حل کا ذریعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران اور تاجکستان اسلامی دنیا کے مسائل، خاص طور پر افغانستان اور شام کے معاملات کے حل کے لیے باہمی مشاورت اور موثر تعاون کرسکتے ہیں۔

اس موقع پر تاجیکستان کے صدر امامعلی رحمان نے دونوں ممالک کی مشترکہ تہذیبی وراثت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایران اور تاجکستان کے عوام کے درمیان گہرے ثقافتی اور تاریخی مشترکات موجود ہیں۔ دونوں ممالک کے اعلی سطحی وفود کے درمیان مذاکرات سے وسیع تعاون کے مزید مواقع فراہم ہوسکتے ہیں۔

تاجک صدر نے ایرانی ہم منصب اور ان کے وفد کے دورے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ یہ دوطرفہ مذاکرات ایران اور تاجکستان کے درمیان تعلقات کو مزید وسعت دینے کا راستہ ہموار کریں گے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *