سڈنی: آسٹریلیا کے نیو ساؤتھ ویلز (این ایس ڈبلیو) میں سڈنی اور آس پاس کے علاقوں میں شدید طوفان کے بعد ایک لاکھ سے زیادہ گھروں سے بجلی گل ہو گئی ہے۔
بدھ کی شام اور جمعرات کی صبح ریاست میں گرج کے ساتھ آنے والے طوفان سے بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔
آسٹریلیا میں بجلی فراہم کرنے والی کمپنی آس گرڈ نے آج صبح کہا کہ طوفان سے کل 140,000 صارفین متاثر ہوئے اور اب 58,000 گھروں اور کاروباری اداروں کو بجلی بحال کر دی گئی ہے۔
دریں اثناء آسگرڈ کے صارفین نے 560 سے زائد برقی خطرات کی اطلاع دی ہے جن میں گرے ہوئے تاروں، درختوں اور بجلی کی لائنوں پر درختوں کی شاخیں گرنے کے واقعات شامل ہیں۔
بجلی کمپنی نے کہا کہ آس گرڈ کے اضافی ہنگامی عملہ نے طوفان سے ہونے والے اہم نقصانات کو دور کرنے کے لیے رات بھر کام کیا ہے۔
آسٹریلیائی نشریاتی کارپوریشن نے آج آسگرڈ کے ایک ترجمان کے حوالے سے کہا کہ یہ کئی سالوں میں سڈنی سے ٹکرانے والا سب سے بڑا طوفان تھا اور یہ کہ سڈنی کے شمال، جنوب مغرب اور اندرونی شہر کے ساتھ ہی نیو کیسل کے ساحلی علاقے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔
بجلی فراہم کرنے والی دوسری کمپنی ایسنشل انرجی نے بھی بتایا کہ طوفان کے دوران بجلی کی بندش سے 50,000 سے زیادہ صارفین متاثر ہوئے ۔ یہ کمپنی زیادہ تر علاقائی NSW کو بجلی فراہم کرتی ہے۔