وزیر اعظم کے دفتر نے ہدایت جاری کی کہ سِم کارڈ کے لیے بایومیٹرک تصدیق لازمی ہوگی۔ جعلی دستاویزات پر جاری ہونے والے کنکشنز پر سختی سے کارروائی ہوگی۔ سائبر جرائم روکنے کے اقدامات کیے گئے ہیں
وزیر اعظم کے دفتر (پی ایم او) نے محکمۂ ٹیلی کام (ڈی او ٹی) کو ایک اہم ہدایت جاری کی ہے، جس کے تحت نئے موبائل کنکشن کے لیے بایومیٹرک تصدیق لازمی قرار دی گئی ہے۔ اس فیصلے کا مقصد جعلی دستاویزات کے ذریعے حاصل کردہ سِم کارڈز کا غلط استعمال روکنا ہے۔ جعلی سِم کارڈز سائبر جرائم اور مالیاتی گھوٹالوں میں ملوث ہونے کے باعث ایک بڑا خطرہ بن چکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، پہلے صارفین مختلف سرکاری شناختی کارڈز جیسے ووٹر آئی ڈی یا پاسپورٹ کا استعمال کر کے سِم کارڈ خرید سکتے تھے، مگر اب نئے قواعد کے مطابق، صرف آدھار سے بایومیٹرک تصدیق کے ذریعے ہی کنکشن فعال کیا جائے گا۔ اب کوئی بھی ریٹیلر بایومیٹرک تصدیق کے بغیر سِم کارڈ فروخت نہیں کر سکے گا، اور اس اصول کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائے گی۔
ٹیلی کام شعبے کی حالیہ جائزہ میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا جس میں یہ انکشاف ہوا کہ متعدد جرائم میں جعلی سِم کارڈز کا کردار ہے۔ تفتیش میں ایسے واقعات بھی سامنے آئے جن میں ایک ہی ڈیوائس سے کئی سِم کارڈز جڑے ہوئے تھے، جو کہ قواعد کی سنگین خلاف ورزی ہے اور سائبر جرائم کو فروغ دیتا ہے۔
وزیر اعظم کے دفتر نے ٹیلی کام ڈپارٹمنٹ کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر ان جرائم میں ملوث افراد کی شناخت اور ان کے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ان ہدایات کے مطابق، جعلی دستاویزات کے ذریعے سِم کارڈز جاری کرنے والے فروخت کنندگان کو بھی سخت کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔