وزیر اعظم نریندر مودی زیڈ ٹنل کا افتتاح کرنے کے لئے سری نگر پہنچے

سری نگر: وزیر اعظم نریندر مودی وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل کے سونہ مرگ میں 6.5 کلو میٹر طویل زیڈ موڑ ٹنل کا افتتاح کرنے کے لئے سری نگر پہنچ گئے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم پیر کی صبح 10.45 بجے سری نگر کے ہوائی اڈے پر پہنچے اور وہاں سے سونہ مرگ کے لئے روانہ ہوئے۔

سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کے مرکزی وزیر نتن گڈکری اتوار کو تقریب کے لیے سری نگر پہنچے۔

لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اور مرکزی وزیر ڈاکٹر جیتندر سنگھ بھی افتتاحی تقریب میں شامل ہو رہے ہیں۔

دریں اثنا وزیر اعظم کا خطاب سننے کے لئے ہزاروں کی تعداد میں لوگ ٹھٹھرتی سردیوں کے باوجود صبح سویرے ہی سونہ مرگ پہنچ گئے ہیں۔

صبح سویرے سے ہی سینکڑوں ایس آر ٹی سی بسوں اور نجی گاڑیوں میں لوگوں کو سونہ مرگ کی طرف لے جاتے ہوئے دیکھا گیا۔

سونہ مرگ کے گگن گیر علاقے کے قریب واقع تقریب کے مقام کو وزیر اعظم کے استقبال کے لیے بڑے ہورڈنگز، رنگ برنگے بینرز اور پوسٹروں سے مزین کیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق 27 سو کروڑ روپیوں کی لاگت سے تیار 6.4 کلو میٹر طویل زیڈ موڑ ٹنل سے سری نگر سے سونہ مرگ تک سال بھر بلا تعطل رابطہ قائم رہے گا اور اس کے علاوہ مقامی تجارت اور سیاحت کو بھی فروغ ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ ٹنل سری نگر اور لیہہ کے درمیان سفر کے وقت میں کمی کا باعث بن جائے گی اور اس سے تھاجیواس گلیشئر تک بہتر رسائی اور سندھ دریا پر وائٹ واٹر رافٹنگ کی سہولت فراہم ہوگی۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ ٹنل اسٹراٹیجک لحاظ سے ایک اہم منصوبہ ہے جو سال بھر ہر موسم میں رابطہ فراہم کرے گا۔

اس ٹنل میں مین ٹنل، متوازی ایمرجنسی سرنگ اور ہوا کی نکاسی کے لئے بھی سرنگ شامل ہے۔

دریں اثنا وزیر اعظم کے دورے پیش نظر سری نگر سمیت وادی میں سیکورٹی کے کڑی انتظامات کئے گئے ہیں۔

ضلع گاندربل کے سونہ مرگ اور گگن گیر کو فوجی چھائونی میں تبدیل کیا گیا ہے اور گگن گیر کے پہاڑی علاقوں میں بھی این ایس جی کمانڈوز کے ساتھ ساتھ فوج کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔

سونہ مرگ ، گگن گیر اورکنگن تک 20 کلومیٹر حدود علاقے کو سیکورٹی فورسز نے پوری طرح سے سیل کیا ہے اور ٹنل کے نزدیک کسی بھی عام شہری کو جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہیں۔



ہمیں فالو کریں


Google News

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *