حیدرآباد: حیدرآباد۔ وجئے واڑہ ہائی وے پر مسلسل تیسرے روز اتوار کو بھی ٹرافک جام دیکھنے کو ملا ہے۔ حیدرآباد اور اس کے مضافاتی علاقوں سے ہزاروں کی تعداد میں خاندان، سنکرانتی تہوار منانے کیلئے تلنگانہ او آندھرا پردیش میں اپنے آبائی مقامات روانہ ہورہے ہیں۔
حیدرآباد اور سکندرآباد میں تمام ریلوے اسٹیشنوں اور بس اسٹانڈس مسافرین سے بھرے ہیں دونوں تلگو کی ریاستوں کے روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشنس خصوصی بسیں چلا رہی ہیں جبکہ ساوتھ سنٹرل ریلوے بھی مسافرین کے ہجوم کو کم کرنے کیلئے زائد ٹرینیں چلا رہا ہے۔
حیدرآباد وجئے واڑہ ہائی وے پر ٹول پلاز اس پر کاروں، بسوں اور حمل ونقل کی دیگر گاڑیوں کی طویل قطاریں دیکھی گئی ہیں۔ تاہم حکام نے بھیڑ کو کم کرنے کیلئے زائد خصوصی اقدامات کئے ہیں ضلع یدادری، بھونگیر میں چوٹ اپل کے قریب قومی شاہراہ 65 پر پتنگی ٹول پلازہ پر گاڑیوں کی بھاری تعداد دیکھی گئی۔ اس بھیڑ ک و دیکھتے ہوئے حکام نے اضافی گیٹس کھولدئیے ہیں۔
آندھرا پردیش کی سمت جانے والی گاڑیوں کو12 گیٹس سے گزرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ اس ٹول پلازہ سے ہر ایک گھنٹہ میں ایک ہزار گاڑیاں حیدرآباد سے وجئے واڑہ کی سمت جارہی ہیں۔ آندھرا پردیش سے حیدرآباد آنے والی گاڑیوں کیلئے صرف4گیٹس کام کررہے ہیں۔
عہدیداروں کے مطابق جمعہ اور ہفتہ کے روز اس ٹول پلازہ سے 1.43لاکھ گاڑیاں گزر چکی ہیں۔عام دنوں سے تقابل کیا جائے تو گزر نے والی گاڑیوں کی تعداد میں 8 گنا اضافہ ہوا ہے۔ جبکہ عام دنوں میں اس روٹ سے150 سے 200 گاڑیاں گزرتی ہیں۔
وجئے واڑہ۔ حیدرآباد ہائی وے پر عبداللہ پور مٹ سے کتہ گوڑم جانے کیلئے چوٹ اپل اور ضلع نلگنڈہ میں کرلا پہاڈ کے ٹول پلازہ پر بھی بھاری ٹرافک جام دیکھا گیا ہے۔ تعلیمی اداروں کو 11جنوری سے سنکرانتی کی چھٹیاں دی گئیں۔ کئی خاندان جمعہ کے روز ہی اپنے آبائی مقامات کیلئے روانہ ہوچکے ہیں۔
جہاں وہ فصل کی کٹائی کا تہوار، اپنے رشتہ داروں کے ساتھ منائیں گے۔ یہ تہوار14 جنوری کو منایا جائے گا۔ تلنگانہ آر ٹی سی نے آبائی مقامات روانہ ہونے والے افراد کی سہولت کیلئے 6432 خصوصی بسیں چلانے کا اعلان کیا ہے۔
یہ خصوصی بسیں 9 سے15 جنوری تک چلائی جائیں گی جبکہ اے پی ایس آر ٹی سی آندھرا پردیش اور پڑوسی ریاست کے مختلف مقامات سے7200 خصوصی بسیں چلا رہا ہے۔8 سے13جنوری تک3900 اور سنکرانتی کے بعد3300 خصوصی بسیں چلائی جائیں گی۔
حیدرآباد سے 2153 خصوصی بسیں چلائی جارہی ہیں۔ ہر سال، حیدرآباد اور اس کے نواحی اضلاع کے مقامات سے تقریباً20لاکھ افراد سنکرانتی تہوار منانے کیلئے آبائی مقامات روانہ ہوتے ہیں۔