جموں: اودھم پور- سری نگر- بارہمولہ ریل لنک (یو ایس بی آر ایل) پروجیکٹ کے کٹرا- بانہال سیکشن پر بدھ کے روز حتمی فُل سپیڈ ٹرائل انجام دی گئی۔یہ ٹرائل کمشنر آف ریلوے سیفٹی (شمالی سرکل) دنیش چند دیشوال کے حتمی معائنے کے طور پر انجام دی گئی۔
ذرائع نے بتایا کہ کٹرہ ریلو اسٹیشن سے بدھ کے ساڑھے گیارہ بجے بانہال کے لئے ٹرین روانہ کی گئی۔انہوں نے کہا کہ یہ ٹرین دن کے ایک بجے بانہال پہنچی۔
بتادیں کہ ہندوستانی ریلوے جلد ہی سری نگر سے کٹرہ تک وندے بھارت ایکسپریس ٹرین شروع کرے گا جس کا راستہ تقریباً 100 کلومیٹر کا ہو گا اور اس کو طے کرنے میں تقریباً 2 گھنٹے اور 30 منٹ لگیں گے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کے روز نئے جموں ریلوے ڈویژن کا ورچوئل موڈ سے افتتاح کیا۔انہوں نے اس موقع پر کہا کہ اودھم پور- سری نگر- بارہمولہ ریلوے لنک (یو ایس بی آر ایل) پروجیکٹ ایک تاریخی کامیابی ہے جو ہندوستان کی انجینئرنگ کی مہارت کا مظہر ہے۔
ادھر شمالی ریلوے نے اس روٹ کے لیے ٹرین کے اوقات کا اعلان کیا ہے۔
ٹائمنگ شیڈول کے مطابق وندے بھارت ایکسپریس ٹرین کٹرہ سے صبح 8.10 بجے روانہ ہوگی اور صبح 11.20 بجے سری نگر پہنچے گی۔
اطلاعات کے مطابق کشمیر ریل سروس کا 26 جنوری سے آغاز کیا جائے گا۔