نیمار کو سعودی عرب میں یہ سہولتیں مفت حاصل ہوں گی

[]

جدہ: برازیل کے اسٹار فارورڈ اور دنیا کے ٹاپ 5 فٹبال کھلاڑیوں میں شامل نیمار جونیر اب سعودی عرب میں کھیلتے نظر آئیں گے۔ نیمار نے الہلال کلب کے ساتھ دو سال کا معاہدہ کیاہے۔

الہلال نے اس 31 سالہ کھلاڑی کو 90 ملین یورو (تقریباً 817 کروڑ روپے) میں جوائن کیاہے۔ دو سال کیلئے ان کا سیلری پیکج 300 ملین یورو (تقریباً 2713 کروڑ روپے) ہے۔ نیمار اس سے قبل فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) کیلئے کھیل رہے تھے۔

نیمار ارجنٹائن کے کپتان لیونل میسی اور فرانسیسی کپتان کائلان ایمباپے کے ساتھ ٹیم میں تھے۔ اب پی ایس جی کی ٹیم میں 3 میں سے صرف ایمباپے رہ گئے ہیں۔ نیمار سعودی عرب چلے گئے اور میسی نے حال ہی میں امریکی کلب انٹر میامی سے معاہدہ کیا۔

ایمباپے کے دوسرے کلب میں منتقل ہونے کی بھی اطلاعات تھیں لیکن انہوں نے اپنا کلب رکھاہے اور وہ اس سیزن میں پی ایس جی کیلئے کھیلیں گے۔ الہلال میں شامل ہونے پر نیمار کو اس بھاری رقم کے ساتھ ساتھ کئی اہم سہولیات بھی مفت میں ملیں گی۔

نیمار کو الہلال کی ہر فتح پر بونس بھی دیا جائے گا۔ کلب انہیں ہر جیت پر 80,000 یورو (تقریباً 72 لاکھ روپے) دے گا۔ نیمار کو سعودی عرب میں رہنے کیلئے 25 بیڈروم کا گھر دیا جائے گا۔ اس میں 40×10 میٹر کا سوئمنگ پول ہوگا۔ اس سے وہ میچ کے بعد خود کو آرام دے سکتے ہیں۔ نیمار کے گھر میں پانچ کل وقتی ملازم ہوں گے۔

نیمار کیلئے نجی طیارہ دستیاب ہوگا۔ اس کے علاوہ الہلال نے انہیں بڑی گاڑیاں دینے کا بھی وعدہ کیا ہے۔ وہ سعودی عرب میں کانٹیننٹل بنٹلی اور ہوراکین لمبورگنی جیسی عالمی شہرت یافتہ گاڑیوں کا استعمال کریں گے۔ نیمار کو اس کیلئے کوئی قیمت ادا نہیں کرنی پڑے گی۔ ڈرائیور ان کیلئے 24 گھنٹے دستیاب ہوں گے۔

ان کے چھٹی کے دنوں میں ہوٹلوں، ریستوراں اور مختلف خدمات کے تمام بل کلب ہیڈ کوارٹر کو ادائیگی کیلئے بھیجے جائیں گے۔ اس کے علاوہ سعودی عرب کی تشہیر کرنے والی ہر سوشل میڈیا پوسٹ کیلئے 500,000 یورو (تقریباً 4.5 کروڑ روپے) دیے جائیں گے۔

الہلال کی ٹیم نے ریکارڈ 18 مرتبہ سعودی پرو لیگ جیتی ہے۔ وہ پہلے لیونل میسی کو اپنی ٹیم میں شامل کرنا چاہتی تھیں لیکن کامیابی نہیں ملی۔ اب الہلال نے میسی کے ساتھ بارسلونا اور پی ایس جی میں کھیلنے والے اسٹار نیمار کو سائن کرکے اپنے دعوے کو مضبوط کیاہے۔

اس کے حریف کلب النصر نے گزشتہ سیزن میں پرتگالی لیجنڈ کرسٹیانو رونالڈو کو سائن کیا تھا۔ النصر نے رونالڈو کے ساتھ 625 کروڑ میں معاہدہ کیا تھا۔ نیمار سعودی پرو لیگ میں رونالڈو، ساڈیو مانے، رابرٹو فرمینو اور کریم بینزیما جیسے لیجنڈز کے خلاف کھیلیں گے۔

مانے النصر میں رونالڈو کے ساتھ ہیں۔ فرمینو نے الاہلی کے ساتھ معاہدہ کیاہے۔ اس کے علاوہ کریم بینزیما التحاد کی ٹیم میں شامل ہیں۔ اسپین میں نیمار جب بارسلونا کی ٹیم میں تھے تو رونالڈو اور بینزیما کے خلاف کھیلا کرتے تھے۔ رونالڈو اور بینزیما ریال میڈرڈ کی ٹیم میں ایک ساتھ تھے۔

اب وہ دشمنی سعودی عرب میں بھی نظر آئے گی۔ اس سے قبل توقع کی جارہی تھی کہ نیمار دوبارہ ہسپانوی کلب بارسلونا میں شامل ہونا چاہتے ہیں لیکن کلب نیمار کو زیادہ رقم ادا کرنے سے قاصر تھا۔ نیمار نے پی ایس جی کیلئے پانچ آئی لیگ ٹائٹلز اور 3 فرانسیسی کپ جیتے لیکن وہ ٹیم کو چمپئنس لیگ ٹائٹل تک نہ پہنچاسکے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *