[]
حیدرآباد: بی آر ایس رکن کونسل کے کویتا نے ریاست کے ہر فرد کو اپنے خاندان کا رکن قرار دیتے ہوئے بی آر ایس کو عوام کے گھر کی پارٹی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ دوسری سیاسی جماعتوں کا عوام کے ساتھ ووٹ کا رشتہ ہے، انتخابات سے قبل ہی ان جماعتوں کو عوام کی یاد آتی ہے۔
مگر ہمارا، ریاستی عوام کے ساتھ جذباتی لگاؤ ہے، ہم اچھے اور برے وقت میں عوام کے ساتھ تھے، ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔ وہ ضلع نظام آباد کے بودھن ٹاؤن کے این ایف گراونڈس پر منعقدہ بی آر ایس بوتھ کمیٹی کے اراکین کے اجلاس سے خطاب کررہی تھیں۔
ضلع کے سیاسی حلقوں میں اس اجلاس کو انتخابی بگل سے تعبیر کیا جارہا ہے۔ کویتا نے کہا کہ بودھن کے عوام دوبارہ گلابی پرچم لہرانے کیلئے بے چین ہیں۔
انہوں نے پارٹی قائدین و کارکنوں کو بی آر ایس حکومت کی جانب سے کی گئی ترقی اور حاصل ہورہے ثمرات سے عوام کو واقف کرانے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم تلنگانہ میں رہنے والے ہر طبقہ کے لئے آتما گوروبھون، تعمیر کئے ہیں، بودھن میں دس ہزار بیڑی ورکرس کو پنشن منظور کئے گئے۔152 تالابوں کی مرمت کی گئی۔
نظام آباد میں آئی ٹی ہب تعمیر کیا گیا۔ یہاں گوگل اور انفوسس کمپنیز سے اپنی سرگرمیاں شروع کرنے کیلئے مذاکرات جاری ہیں۔
کویتا نے کہا کہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی کامیابی کے بعد تلنگانہ میں وظائف پیرانہ سالی کو4000ماہانہ کردینے کے متعلق کانگریس قائدراہول گاندھی کے اعلان پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کانگریس قائدین سے جاننا چاہا کہ کیا کانگریس کے زیر اثرحکومتوں میں آیا ایسا کیا جارہا ہے؟۔ اس موقع پر رکن اسمبلی بودھن شکیل عامر و دیگر موجود تھے۔