لکھنؤ: اتر پردیش میں ایک حیران کن واقعہ پیش آیا جہاں ایک تیز رفتار ٹرک نے آگے چل رہی بائیک کو زور سے ٹکر ماری اور تقریباً 100 میٹر تک گھسیٹتا رہا۔ اس حادثہ میں بائیک پر سوار دو نوجوان معجزانہ طور پر موت کے منہ سے بچ نکلے۔ اس واقعہ کی ویڈیو اس وقت سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
یہ واقعہ اتوار کی رات 11:30 بجے آگرہ کے واٹر ورکس روڈ پر پیش آیا۔ دو نوجوان بائیک پر جا رہے تھے کہ پیچھے سے آنے والے ایک تیز رفتار ٹرک نے انہیں زور سے ٹکر مار دی۔ تصادم کے بعد، بائیک اور دونوں نوجوان ٹرک کے اگلے حصے میں پھنس گئے۔
ایک نوجوان کا سر ٹرک کے اگلے ٹائر سے محض چند انچ دور تھا۔ خوفزدہ نوجوان مدد کیلئے چیخ رہے تھے، لیکن ٹرک ڈرائیور نے ان کی چیخوں کو نظر انداز کرتے ہوئے ٹرک کو تیزی سے آگے بڑھانا جاری رکھا۔
راستے سے گزرنے والے دیگر ڈرائیوروں نے یہ منظر دیکھ کر ٹرک کو اوورٹیک کر کے روکا اور فوراً پولیس کو اطلاع دی۔ دونوں زخمی نوجوانوں کو فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا۔ ڈاکٹروں نے بتایا کہ وہ محفوظ ہیں اور ان کی جان کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔
پولیس کے پہنچنے سے پہلے مقامی لوگوں نے ٹرک ڈرائیور کی پٹائی کی۔ پولیس نے اس واقعہ کا مقدمہ درج کر لیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔