حیدرآباد: مشہور اداکار الو ارجن آج سندھیا تھیٹر کے ہجوم کے واقعہ کے سلسلہ میں چکڑپلی پولیس اسٹیشن میں پیش ہوئے۔ وہ صبح 11 بجے پولیس اسٹیشن پہنچے، جہاں پولیس نے ہجوم کے واقعہ اور اس کے بعد ہونے والے واقعات کے بارے میں ان سے پوچھ گچھ کی۔ یہ پوچھ تاچھ ڈیڑھ گھنٹے سے زیادہ جاری رہی۔
الو ارجن سے ایڈوکیٹ اشوک ریڈی، اے سی پی رمیش اور انسپکٹر راجو نائیک کی موجودگی میں سنٹرل زون ڈی سی پی نے سوالات کیے۔ پوچھ گچھ کے دوران ان سے مختلف اہم سوالات کیے گئے۔
الو ارجن سے پوچھے گئے کچھ سوالات
- ہجوم کے دباؤ سے ریوتی کی موت کی اطلاع آپ کو تھیٹر میں موجودگی کے وقت کیوں نہیں تھی؟
- میڈیا کے سامنے کیوں کہا کہ کسی نے کچھ نہیں بتایا؟
- کیا آپ نے روڈ شو کیلئے اجازت لی تھی یا نہیں؟
- بغیر اجازت روڈ شو کیسے کیا گیا؟
- پولیس نے روڈ شو کی اجازت دی تھی تو آپ کو کس نے بتایا؟
پولیس الو ارجن کا بیان ریکارڈ کر رہی ہے اور پوری پوچھ تاچھ کی ویڈیو ریکارڈنگ کی جا رہی ہے۔ پولیس کے سوالات کے جواب الو ارجن کیلئے اہم ثابت ہو سکتے ہیں۔
دوسری جانب، تفتیش مکمل ہونے کے بعد الو ارجن کو سندھیا تھیٹر لے جانے کا امکان ہے، جہاں سین کی دوبارہ تخلیق (ری کنسٹرکشن) کی جا سکتی ہے۔ اس حوالے سے تھیٹر کے ارد گرد پولیس نے سخت حفاظتی انتظامات کیے ہیں۔