حیدرآباد: تلگو فلموں کے مشہور اداکار الو ارجن آج چکڑ پلی پولیس اسٹیشن میں جاری تحقیقات کے سلسلے میں پیش ہوئے۔ وہ صبح تقریباً 10:30 بجے اپنی قیام گاہ جوبلی ہلز روڈ نمبر 60 سے روانہ ہوئے۔ ان کے ہمراہ ان کے والد اور فلم ساز الو اروند اور رشتہ دار چندرشیکھر ریڈی بھی موجود تھے۔
یہ تحقیقات گزشتہ دنوں سندھیا تھیٹر میں بھگدڑ کے واقعہ سے متعلق ہی جس میں عوامی سلامتی کو خطرہ لاحق ہوا تھا۔ پولیس نے الو ارجن کو اس واقعہ کے حوالے سے پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سنٹرل زون ڈی سی پی کی قیادت میں اے سی پی رمیش اور انسپکٹر راجو نائیک نے الو ارجن سے سوالات کیے۔
پولیس نے الو ارجن کو کل نوٹس جاری کرتے ہوئے آج 11 بجے اسٹیشن پہنچنے کی ہدایت دی تھی جس پر انہوں نے عمل کیا۔ سندھیا تھیٹر کے اس واقعہ میں بھگدڑ مچنے کے باعث کئی افراد زخمی ہوئے تھے اور ایک خاتون کی موت ہوگئی اور پولیس تحقیقات کر رہی ہے کہ آیا اس میں حفاظتی اقدامات کی کمی تھی یا کوئی اور وجہ۔
الو ارجن کی واقعہ کے وقت موجودگی یا اس سے متعلق کسی معلومات کی وضاحت دینے کے لیے طلب کیا گیا ہے۔پولیس کی تحقیقات ابھی جاری ہیں اور مزید تفصیلات کا انکشاف جلد متوقع ہے۔