منچو موہن بابو کی صحافی پر حملے کے کیس میں پیشگی ضمانت مسترد
حیدرآباد: صحافی پر حملے کے کیس میں مشہور تلگو فلم اداکار منچو موہن بابو کو جھٹکا لگا ہے۔ ان کی طرف سے دائر کردہ ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست کو ہائی کورٹ نے مسترد کر دیا۔ واضح رہے کہ حال ہی میں جل پلی میں موہن بابو کے گھر کے قریب ایک تنازعہ نے ہنگامہ کی شکل اختیار کی تھی۔
اس دوران وہاں پہنچے ایک صحافی پر منچو موہن بابو نے مبینہ طور پر حملہ کیا تھا، جس کے نتیجے میں ٹی وی9 کے صحافی کو چوٹ آئی تھی۔ اس واقعہ کے بعد پولیس نے موہن بابو کے خلاف کیس درج کیا تھا اور انہوں نے اپنی گرفتاری سے بچنے کے لیے پیشگی ضمانت کی درخواست دائر کی تھی۔
آج ہائی کورٹ نے اس معاملے پر سماعت کی۔ سماعت کے دوران موہن بابو کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ وہ اس وقت ہندوستان میں ہی موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موہن بابو حال ہی میں اپنی نواسی سے ملاقات کے لیے دبئی گئے تھے اور وہاں سے واپس آکر تروپتی میں اپنی تعلیمی اداروں کی ذمہ داریاں سنبھال رہے ہیں۔ مزید یہ بھی بتایا گیا کہ موہن بابو طبی مسائل کا سامنا کر رہے ہیں اور ان کے لیے پیشگی ضمانت ضروری ہے۔
تاہم ایڈیشنل پبلک پراسیکیوٹر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ حملہ کے اس کیس میں موہن بابو کو ضمانت نہ دی جائے۔ دونوں فریقوں کی دلائل سننے کے بعد عدالت نے موہن بابو کی ضمانت قبل از وقت گرفتاری کی درخواست کو مسترد کر دیا۔