[]
نئی دہلی: کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی وڈرا کے شوہر رابرٹ وڈرا نے جمعہ کے دن یہ کہتے ہوئے مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی پر تنقید کی کہ انہیں پارلیمنٹ میں ان کے نام کا بے جا استعمال نہیں کرنا چاہئے۔
انہوں نے مرکزی وزیر کو چیلنج کیا کہ میرے خلاف کوئی ثبوت ہو تو دیں۔ فیس بک پوسٹ میں سابق صدر کانگریس سونیا گاندھی کے داماد نے کہا کہ اسمرتی ایرانی جی اپنے حواس پر مجھے حاوی نہ رکھیں اور پارلیمنٹ میں میرے نام کا بے جا استعمال نہ کریں۔ میں چیلنج کرتا ہوں کہ آپ ثبوت دیں۔
پرینکا گاندھی کے تاجر شوہر نے کہا کہ مجھ پر انگلی اٹھانے سے آپ کی نااہلی چھپ نہیں سکتی۔ یاد رہے جب بھی آپ مجھ پر انگلی اٹھائیں گی آپ کی مابقی انگلیوں کا رخ آپ کی طرف ہوگا۔
آپ اور آپ کی فیملی سے جڑے کئی تنازعات ہیں۔ ہندوستان‘ گوا میں آپ کے ریستوراں اور ملک کے مختلف حصوں میں تھرڈ پارٹی نیم کے بارے میں جاننا چاہتا ہے۔
آپ کی ڈگری یا تعلیمی لیاقت کے بارے میں بھی جانکاری درکار ہے جس پر تنازعہ ہے۔ پہلے آپ اس کی وضاحت کریں اور بعد میں دوسروں پر انگلی اٹھائیں۔
آپ نے اگر جواب نہ دیا تو اس کا مطلب یہ ہوگا کہ آپ حقائق چھپارہی ہیں اور پڑھی لکھی نہیں ہیں۔ آپ کو شرم آنی چاہئے۔ کانگریس قائد راہول گاندھی کے بہنوئی رابرٹ وڈرا نے اپنی پوسٹ کے ساتھ کئی نیوز رپورٹس بھی منسلک کیں۔