[]
امراوتی: تلگودیشم پارٹی کے سربراہ این چندرا بابو نائیڈو صرف ایک امبسڈر کار کے مالک ہیں۔ انہوں نے یہ کار 1994 میں خریدی تھی جبکہ ان کی بیوی جو صنعت کار ہے، این بھونیشوری کے پاس کوئی گاڑی نہیں ہے جبکہ گزشتہ5برسوں کے دوران ان کے اثاثوں میں 39 فیصد اضافہ کے ساتھ931 کروڑ روپے ہوگئے ہیں۔
بھونیشوری جنہوں نے جمعہ کے روز حلقہ کپم سے اپنے شوہر کا پرچہ نامزدگی داخل کیا تھا، نے انکشاف کیا کہ شوہر کے اثاثوں سے ان کے اثاثہ جات زیادہ ہیں۔ 2019 میں اس جوڑے کے کل اثاثہ جات کی مالیت668 کروڑ روپے تھی۔
تازہ ترین حلف نامہ کے مطابق نائیڈو کے منقولہ اثاثہ4.80 لاکھ ہیں ان میں ایک امبسڈر کار بھی شامل ہے جس کی مالیت2.22 لاکھ روپے ہے۔ خاندان کی ذاتی ملکیت والی کمپنی ہیرٹیج فوڈس لمیٹڈ کی نائب صدر اور منیجنگ ڈائرکٹر این بھونیشوری کے منقولہ اثاثہ 810.37 کروڑ روپے کے ہیں۔ ان میں ہیرٹیج میں ان کا شیئر763.93 کروڑ روپے ہے۔
ٹی ڈی پی سربراہ کے غیر منقولہ اثاثوں کی مالیت36.31 کروڑ روپے ہے ان میں حیدرآباد کے جوبلی ہلز علاقہ میں واقع ایک مکان بھی شامل ہے۔ یہ مکان نائیڈو اور ان کے فرزند لوکیش کی مشترکہ ملکیت ہے۔ بھونیشوری 85.10 کروڑ کے غیر منقولہ اثاثہ جات ہیں ان میں زرعی اراضی اور ٹاملناڈو کے ضلع کا نچی پورم میں کمرشیل پراپرٹی بھی شامل ہے۔
حلف نامہ میں مزید بتایا گیا کہ سال2022.23 میں نائیڈو کی آمدنی صفر تھی جبکہ اسی مالیاتی سال کے دوران نائیڈو کی اہلیہ کی آمدنی11.34کروڑ روپے تھی۔ سال2021-22 کے دوران نائیڈؤ کی آمدنی 18.39 لاکھ روپے تھی جبکہ ان کی اہلیہ کی انکم 20.31 کروڑ روپے تھی۔
ٹی ڈی پی سربراہ کو 24 فوجداری مقدمات کا سامنا ہے ان میں امراوتی لینڈ اسکام، فائبر نیٹ اسکام اور اسکل ڈی ولپمنٹ اسکام بھی شامل ہیں۔ اسکل ڈیولپمنٹ اسکام میں گزشتہ سال انہیں گرفتار کیا گیا تھا۔ 74سالہ چندرا بابو نائیڈو متحدہ ریاست اے پی اور تلنگانہ کے چیف منسٹر رہ چکے ہیں۔