[]
مہر نیوز کے مطابق، ایران کے صدر آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی نے قطر کے امیر تمیم بن حمد الثانی کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو کے دوران خطے کی حالیہ پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے غزہ کی پٹی میں اسرائیلی حکومت کے جرائم کو روکنے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ صیہونیوں کے وحشت ناک جرائم امریکہ اور بعض مغربی ممالک کی مکمل حمایت سے جاری ہیں جبکہ غزہ کے مظلوم اور طاقتور عوام آج بھی اپنی مزاحمت کے بل بوتے پر فتح حاصل کر رہے ہیں۔
ایرانی صدر نے یکم اپریل کو دمشق میں ایران کے قونصل خانے پر تل ابیب رجیم کے دہشت گردانہ حملے کا ذکر کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر ذمہ دارانہ روئے پر تنقید کی کہ وہ اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرنے کی اپنی ذمہ داری کو ادا کرنے میں ہکچاہٹ سے کام لے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیلی جرائم کی مذمت کرنے میں بین الاقوامی ادارے کی ناکامی کی وجہ سے، اسلامی جمہوریہ ایران نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کی بنیاد پر اپنے دفاع کے حق کو استعمال کرتے ہوئے، انہی مراکز کے خلاف آپریشن کیا جہاں سے غاصب رجیم ایران کی سفارتی عمارت پر حملہ کیا تھا۔
انہوں نے غزہ میں صیہونی حکومت کے جرائم کے خلاف اسلامی ممالک کو عبرتناک اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے بعض مغربی ممالک کی اسرائیل نوزای کو خطے میں کشیدگی کا اہم سبب قرار دیا۔
ایرانی صدر نے کہا کہ جیسا کہ ہم پہلے ہی باضابطہ طور پر اعلان کر چکے ہیں کہ جارح کو سزا دینے کے مقصد سے آپریشن “وعدہ صادق” کامیابی کے ساتھ انجام دیا گیا۔ اب ہم مضبوطی کے ساتھ اعلان کرتے ہیں کہ ایران کے مفادات کے خلاف چھوٹی سے چھوٹی کارروائی کا بھی یقینی طور پر اس کے تمام مرتکبین کو سخت اور دردناک جواب دیا جائے گا۔
اس ٹیلی فونک بات چیت میں قطری امیر نے کہا کہ ایران اور قطر نے ہر حال میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔
انہوں نے دمشق میں ایران کے قونصل خانے پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت کے لیے اپنے ملک کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم فلسطین کاز کی حمایت میں عالمی اور عوامی سطح پر یکجہتی کا مشاہدہ کر رہے ہیں جب کہ صیہونی حکومت موجودہ صورت حال پر واویلا مچا کر دنیا کی توجہ غزہ جنگ سے ہٹانے کی کوشش کر رہی ہے
انہوں نے صیہونی حکومت کے دہشت گردانہ حملے کے جواب میں اسلامی جمہوریہ ایران کے زبردست ردعمل کی تعریف کی اور اسے دنیا کے لئے واضح پیغام قرار دیا۔
یکم اپریل کو شام میں ایران کے قونصل خانے کی عمارت پر اسرائیلی دہشت گردانہ حملے کے جواب میں، ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب نے اتوار کو علی الصبح درجنوں ڈرونز اور میزائلوں سے مقبوضہ فلسطین میں صیہونی اہداف کو نشانہ بنایا۔