[]
حیدرآباد: تیزی سے ترقی کرنے والے شہر حیدرآباد میں برقی کی طلب بھی اسی شرح سے بڑھ رہی ہے۔
گریٹر حیدرآباد میں اوسطاً 2500 تا 3000 نئے برقی کے کنکشن لگائے جارہے ہیں جس کے نتیجہ میں، دس سالوں میں شہر میں برقی کا استعمال دوگنا ہوگیا ہے۔
اس طرح گریٹر حیدرآباد کے حدود میں برقی کے نئے کنکشنس میں اضافہ درج کیا گیا ہے۔ اے سی، گیزر، فریج، واشنگ مشین، گرینڈراور کمپیوٹرس کا استعمال کرنے والوں کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے۔
گرمی کی شدت میں اضافہ کے ساتھ عوام پنکھوں، اے سی اور کولرس کا بھی بلاوقفہ استعمال کررہے ہیں جس کے سبب روزبروز برقی کی طلب بڑھتی جا رہی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ طلب کے مطابق برقی کی سپلائی کیلئے عہدیدار منصوبہ تیارکررہے ہیں۔ گریٹرحیدرآباد حدود میں گھریلو برقی کنکشنس کی تعداد میں حالیہ عرصہ ایک لاکھ سے زائد کا اضافہ ہوا ہے۔
ساتھ ہی دیگر زمروں کے برقی کے کنکشنس کی تعداد بھی بڑھ گئی ہے۔ مسلسل معیاری برقی کی سپلائی اور ٹرانسفارمرس کی ناکامی کو روکنے کیلئے عہدیداروں کی جانب سے چوکسی اختیار کی جارہی ہے۔
گذشتہ تین برسوں کے دوران برقی کے کنکشنس میں اضافہ کو دیکھنے پر پتہ چلتا ہے کہ تمام زمروں میں تقریبا ایک لاکھ برقی صارفین کا اضافہ ہوا ہے۔ اسی دوران گریٹرحیدرآباد کے حدودمیں برقی کے استعمال کی شرح بتدریج بڑھ گئی ہے۔