[]
آئی پی ایل 2024 کے فوراً بعد امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں ٹی 20 ورلڈکپ کا انعقاد کیا جانا ہے۔ اس کیلئے ہندوستانی سلیکٹرز ٹیم کے کھلاڑیوں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ خیال کیاجا رہاہے کہ ہندوستانی ٹیم کا انتخاب آئی پی ایل میں کارکردگی کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
ایسی اطلاعات تھیں کہ سلیکٹرز اس عالمی ٹورنامنٹ کیلئے کچھ سخت فیصلے لے سکتے ہیں اور کچھ بڑے کھلاڑیوں کیلئے ٹیم میں جگہ بنانا ممکن نہیں ہوگا۔ تاہم رپورٹ کے مطابق سلیکٹرز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کیلئے ٹیم میں بڑی تبدیلیاں کرنے کے موڈ میں نہیں ہیں۔
کار حادثے میں شدید چوٹ کے باعث 15 ماہ بعد آئی پی ایل سے کرکٹ کے میدان میں واپس آنے والے ہندوستانی وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت ٹی 20 ورلڈکپ کیلئے ٹیم میں جگہ کی دوڑ میں آگے نکل گئے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق آئی پی ایل کے موجودہ سیزن میں ریشبھ پنت کی کارکردگی نے انہیں اپنے حریفوں پر برتری دلائی ہے۔
خیال کیا جاتا ہے کہ ہندوستانی ٹیم انتظامیہ اس بات سے مطمئن ہے کہ پنت اب ہندوستانی ٹیم میں واپسی کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔ اگر وہ ٹورنامنٹ میں فلاپ نہیں ہوتے ہیں تو پنت ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کیلئے امریکہ اور ویسٹ انڈیز جائیں گے۔
سابق ہندوستانی کپتان سورو گنگولی جنہوں نے بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے صدر کی حیثیت سے کئی سلیکشن میٹنگز کی ہیں، سے پوچھا گیاکہ کیا پنت کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کیلئے ہندوستانی ٹیم میں جگہ بنانے کی امید ہے۔ اس پر انہوں نے کہاکہ ضروری ہے کہ پنت کچھ اور میچ کھیلیں تاکہ انہیں مسابقتی کرکٹ کے مطابق ڈھالنے کا زیادہ موقع ملے۔
سابق کپتان سورو گنگولی نے کہاکہ پنت مکمل طورپر فٹ ہیں اور زبردست فارم میں ہیں۔ وہ وکٹ کے پیچھے اور بیٹنگ میں اپنا کردار بخوبی ادا کررہے ہیں لیکن انہیں مزید کچھ میچز کھیلنے کی اجازت دینے کی ضرورت ہے۔ اگر قومی سلیکٹر پنت کو چننا چاہتے ہیں تو میں اگلے چند ہفتوں میں ان کے بارے میں کچھ کہہ سکوں گا۔ ہندوستانی ٹیم میں ہر پوزیشن کیلئے کئی آپشنز ہیں، لیکن وکٹ کیپنگ کے بہت سے دعویدار ہیں۔ ایسے میں یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ سلیکٹرز اس جگہ کیلئے کس کھلاڑی کا انتخاب کرتے ہیں۔
اگر آئی پی ایل کے موجودہ سیزن میں پنت کی کارکردگی کی بات کریں تو وہ اب تک پانچ میچوں میں دو نصف سنچریاں بناچکے ہیں۔ پنت نے 18، 28، 51، 55 اور ایک رن کی اننگز کھیلی ہے۔ ریشبھ پنت کی 15 ماہ بعد کرکٹ کے میدان میں واپسی ہونے کے باوجود وہ ابھی تک ہندوستانی ٹیم میں واپس نہیں آئے ہیں۔
اگر پنت کو ٹی 20 ورلڈکپ کیلئے ٹیم میں شامل کیا جاتا ہے تو وہ 500 سے زیادہ دنوں کے بعد قومی ٹیم کی جرسی میں نظر آئیں گے۔ پنت نے ہندوستان کیلئے اپنا آخری میچ بنگلہ دیش کے خلاف میرپور میں 22 دسمبر 2022 کو کھیلا تھا۔ یہ ایک ٹسٹ میچ تھا اور اس کے فوراً بعد وہ ایک حادثے میں شدید زخمی ہوگئے۔
ایک نام جس کا سب سے زیادہ چرچا ہورہا ہے وہ ہے ہندوستانی ٹیم کے اسٹار بلے باز ویراٹ کوہلی کا ہے۔ کچھ رپورٹس میں کہاگیا تھاکہ کوہلی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے ہندوستانی ٹیم میں جگہ کی دوڑ میں نہیں ہیں اور انہیں راضی کرنے کا کام چیف سلیکٹر اجیت اگرکر کو سونپا گیاہے۔
تاہم آئی پی ایل میں کوہلی کا بلے کی کارکردگی اچھی ہے اور وہ اب تک دو نصف سنچریاں اور ایک سنچری بناچکے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق اب یہ تقریباً طے ہے کہ کوہلی اس عالمی ٹورنامنٹ کیلئے ٹیم انڈیا کو جوائن کریں گے۔ انہوں نے آئی پی ایل کے رواں سیزن میں 5 میچوں میں 316 رنز بنائے ہیں۔
وہ اس وقت لیگ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں۔ تاہم ان کے اسٹرائیک ریٹ پر مسلسل سوالات اٹھ رہے ہیں۔ ٹیم انڈیا کے سابق اوپنر وسیم جعفر نے بھی ویراٹ کوہلی کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں جگہ دینے کی حمایت کی ہے۔ تاہم جعفر نے اس کے ساتھ ساتھ ویراٹ کوہلی کو اپنا اسٹرائیک ریٹ بہتر بنانے کا بھی مشورہ دیا۔ سابق سلامی بلے باز نے کہاکہ کوہلی ورلڈکپ ٹیم میں ضرور ہونا چاہئے۔
٭٭٭