[]
کوئمبتور: آئندہ لوک سبھا انتخابات کے لیے تمل ناڈو میں اپنی مصروف مہم سے وقفہ لیتے ہوئے، کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہول گاندھی نے جمعہ کی رات سنگنالور میں ایک مٹھائی کی دکان کا دورہ کیا اور وہاں سے مٹھائی خریدی۔ مٹھائی کی دکان کے مالک بابو حیران رہ گئے جب راہول گاندھی ان کی دکان پر پہنچے۔
دکان کے مالک نے نیوز ایجنسی اے این آئی کو بتایا کہ راہول گاندھی کے آنے پر ہمیں خوشگوار حیرت ہوئی۔ وہ غالباً کسی میٹنگ کیلئے کوئمبتور آ رہے تھے۔ انہیں گلاب جامن پسند ہے، انہوں نے ایک کیلو مٹھائی خریدی۔ انہوں نے دوسری مٹھائیاں بھی چکھیں۔ میں خوش تھا کہ وہ یہاں آئے، ہمارا عملہ بھی اُنہیں دیکھ کر خوش ہوا۔
بابو نے مزید کہا کہ وہ یہاں 25-30 منٹ تک رہے۔ ہمیں اندازہ نہیں تھا کہ وہ یہاں آنے والے ہیں۔ ہم نے اُنہیں پیسے نہ دینے کو کہا لیکن وہ نہیں مانے۔ انہوں نے پورا بل ادا کیا۔
کانگریس پارٹی نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ راہول گاندھی نے مشہور مٹھائی میسور پاک بھی خریدی، جسے انہوں نے ڈی ایم کے سربراہ ایم کے اسٹالن کو تحفے میں دیا تھا۔ تمل ناڈو میں لوک سبھا کی 39 سیٹوں کے لیے پہلے مرحلے میں 19 اپریل کو ووٹنگ ہونی ہے۔ ووٹوں کی گنتی 4 جون کو ہونی ہے۔
2019 کے عام انتخابات میں، کانگریس-ڈی ایم کے زیرقیادت اتحاد نے ریاست میں 39 میں سے 38 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی، جبکہ اے آئی اے ڈی ایم کے صرف ایک سیٹ جیت سکی۔