[]
حیدرآباد: محبوب نگر سے تلنگانہ قانون ساز کونسل کیلئے ضمنی انتخابات کیلئے آج دوپہر تک 57 فیصد سے زائد رائے دہی ہوئی ہے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ حلقہ کے10پولنگ اسٹیشنوں میں دوپہر تک 57.33 فیصد رائے دہی ہوئی ہے۔
بی آر ایس نے این نوین کمار ریڈی کو امیدواربنایاہے۔جبکہ ایم جیون ریڈی کانگریس کے امیدوار ہیں۔جبکہ ایک آزاد امیدوارو بھی انتخابی میدان میں ہے۔کاسی ریڈی نارائنہ ریڈی کے استعفیٰ کی وجہ ضمنی انتخاب ضروری ہوگیا تھا۔کاسی ریڈی نارائنہ ر یڈی کو حالیہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس رکن اسمبلی منتخب کرلیا گیا ہے۔
2اپریل کو رائے شماری ہوگی۔برسر اقتدار کانگریس مذکورہ حلقہ میں کامیابی کی خواہاں ہے کیونکہ لوک سبھا انتخابات جوکہ13مئی کو تلنگانہ میں ہونے والے ہیں۔مذکورہ حلقہ کے نتیجہ کا اثر پڑے کاامکان ہے۔آئی اے این ایس کے مطابق چیف منسٹر تلنگانہ اے ریونت ریڈی نے ایم ایل سی ضمنی الیکشن میں آج حق رائے دہی سے استفادہ کیا۔
مجالس مقامی کے نمائندوں نے محبوب نگر ضلع کے 10پولنگ اسٹیشنوں پر حق رائے دہی سے استفادہ کیا۔ رائے دہی کا آغاز صبح8بجے سے ہوا جو 4بجے شام ختم ہوگئی۔ جملہ1439 ووٹرس میں میونسپل کونسلر، ایم پی ٹی سیز، زیڈ پی ٹی سیز کے علاوہ سابق ارکان حق رائے دہی کیلئے اہل تھے۔
مذکورہ الیکشن میں آزاد امیدوار سدرشن گوڑ بھی مقابلہ کررہے ہیں۔ کوڑنگل کے رکن اسمبلی کی حیثیت سے ریونت ریڈی نے ووٹ دیا۔منتخب نمائندوں کو اپنی طرف راغب کرنے کے خدشہ سے کانگریس اور بی آر ایس نے انہیں کرناٹک، کرالا اور گوا کو منتقل کردیا تھا۔ وہ چہارشنبہ کو واپس ہوئے۔
مجالس مقامی میں بی آر ایس کو اکثریت حاصل ہے 2019 میں ہوئے انتخابات میں پارٹی کو اکثریت سے کامیابی حاصل ہوئی لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر ضمی الیکشن کانگریس اور بی آر ایس کے لئے وقار کا مسئلہ سمجھا جارہا ہے۔ سابق محبوب نگر ضلع میں اسمبلی کی 14 نشستوں میں کانگریس کو 12 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی ہے۔