[]
حیدرآباد: پولیس نے بی جے پی کے رکن اسمبلی راجہ سنگھ کو موضع چنگی چرلہ جانے سے روکنے کیلئے آج نظر بند کردیاہے۔
راجہ سنگھ جوکہ شہر کے حلقہ گوشہ محل کی نمائندگی کرتے ہیں ضلع میڑچل ملکاجگیری کے مذکورہ موضع کے عوام سے ملاقات کیلئے جانے کے خواہاں تھے لیکن پولیس نے انہیں گھر پر نظر بند کردیا ہے۔3 دن قبل مذکورہ موضع میں فرقہ وارانہ جھڑ پیں ہوئی ہیں اور راجہ سنگھ وہاں کے عوام سے ملاقات کیلئے جانے والے تھے۔
بی جے پی کے جنرل سکریٹری اور ایم پی بنڈی سنجے کمار کے چہارشنبہ کے دورہ موضع سے کشیدگی پیدا ہوگئی۔پولیس نے احتیاطی اقدامات کرتے ہوئے راجہ سنگھ کو نظر بند کردیا۔پولیس کے احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بنڈی سنجے اپنے حامیوں کے ساتھ چنگی چرلہ موضع گئے تھے۔
جس کی وجہ بتایا جاتا ہے کہ وہاں کشیدگی پیدا ہوگئی۔ پولیس کے ساتھ بنڈی سنجے اور ان کے حامیوں کی دھکم پیل ہوئی۔جمعرات کو پولیس نے بنڈی سنجے اور دوسروں کے خلاف ایک کیس درج کرلیا۔پولیس کے عہدیدار نے شکایت کی کہ اُن پر اس وقت حملہ کیا گیا جبکہ وہ فرائض انجام دے رہے تھے۔
رچہ کنڈہ پولیس کمشنریٹ کے حدود میں میڈی پلی پولیس اسٹیشن میں ایک کیس درج کرلیا گیا ہے۔پولیس نے موضع میں سیکوریٹی میں اضافہ کردیا گیا ہے۔خصوصاً عبادت کے مقامات پر سیکوریٹی بڑھا دی گئی ہے۔تاکہ کسی ناخوشگوار واقعہ کی روک تھام کی جاسکے۔
مذکورہ موضع کے دورہ کے بعدبنڈی سنجے نے الزام عائد کیا کہ بعض افراد کو نشانہ بنایا گیا ہے۔جن میں خواتین بھی شامل ہیں۔حقائق معلوم کئے بغیرپولیس نے کیسس بک کئے ہیں۔