[]
نئی دہلی: نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا نے پے ٹی ایم فاسٹ ٹیگ کے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ 15 مارچ سے پہلے کسی دوسرے بینک سے جاری کردہ فاسٹ ٹیگ خریدیں تاکہ ہموار سفر ہو اور ٹول پلازوں پر تکلیف سے بچ سکیں۔
اتھارٹی نے کہا ہے کہ پے ٹی ایم پے پیمنٹ بینک پر عائد پابندیوں کے تحت ریزرو بینک آف انڈیا کی طرف سے جاری کردہ رہنما خطوط کے مطابق پے ٹی ایم فاسٹ ٹیگ کا استعمال کرنے والے لوگ 15 مارچ کے بعد نہ تو ریچارج کر سکیں گے اور نہ ہی اس میں اضافی رقم شامل کر سکیں گے۔ وہ فاسٹ ٹیگ میں جمع کی گئی موجودہ رقم کو مقررہ تاریخ کے بعد بھی استعمال کرسکیں گے۔
پے ٹی ایم فاسٹ ٹیگ سے متعلق کسی بھی قسم کی معلومات یا مدد کے لیے لوگ بینکوں سے معلومات حاصل کر سکتے ہیں یا نیشنل ہائی ویز کی ویب سائٹ پر دستیاب اکثر پوچھے گئے سوالات کو دیکھ سکتے ہیں۔
اتھارٹی نے تمام پے ٹی ایم فاسٹ ٹیگ صارفین سے ملک بھر میں قومی شاہراہوں پر بغیر کسی رکاوٹ کے سفر کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کرنے کی اپیل کی ہے۔