[]
یروشلم: لبنان پر اسرائیل کے فضائی حملوں کے جواب میں حزب اللہ کے انتہا پسندوں نے منگل کی صبح شمالی اسرائیل کی طرف تقریباً 100 راکٹ داغے۔اسرائیلی ذرائع نے یہ اطلاع دی۔
اسرائیل ڈیفنس فورسز (آئی ڈی ایف) کے مطابق لبنان کے حزب اللہ کے عسکریت پسندوں نے اپر گلیلی کے علاقے اور اسرائیل کے زیر قبضہ گولان ہائٹس پر راکٹ فائر کیے ہیں۔ ملک کے فضائی دفاعی نظام نے کچھ راکٹوں کو ہوا میں ہی مار گرایا۔ حملوں میں کسی جانی نقصان کے بارے میں فوری طور پر کوئی اطلاع نہیں ہے۔
آئی ڈی ایف نے ایک بیان میں تصدیق کی ہے کہ حزب اللہ کے راکٹ حملوں کے جواب میں اس کے جنگی طیاروں نے صبح راکٹ فائر کرنے کے لیے استعمال کئے گئے تین لانچروں کو نشانہ بنایا۔
حزب اللہ نے یہ حملے لبنانی دارالحکومت بیروت سے تقریباً 45 کلومیٹر مشرق میں واقع وادی بیکا میں اسرائیلی فضائی حملوں کے جواب میں کیے ہیں۔ اسرائیلی سرحد سے تقریباً 100 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع وادی بیکا کو حزب اللہ کا گڑھ سمجھا جاتا ہے۔
آئی ڈی ایف نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حزب اللہ کی طرف سے گولان ہائٹس کی جانب کئے گئے فضائی حملوں کے جواب میں دہشت گرد تنظیم کی فضائیہ کے دو اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔