[]
ریاض ۔ کے این واصف
حرمین شریفین میں افطار دستر لگانے سے متعلق کئی افواہیں سامنے آئیں اور ارباب مجاز کی جانب سے تردید بھی جاری ہوئیں۔ مسجد الحرام کے صحن میں زائرین کی بڑی تعداد نے روحانیت کے ماحول میں رمضان المبارک کا پہلا روزہ افطار کیا۔
سبق ویب کے مطابق غروب آفتاب سے پہلے زائرین کی بڑی تعداد نے مسجد الحرام کے صحن میں بچھائے گئے دسترخوان کا رخ کیا جبکہ رضاکار زائرین کی خدمت اور افطاری فراہم کرنے میں مصروف تھے۔ماہ مبارک کے پہلے دن حرم کے صحن میں افطار دسترخوان اسلامی اخوت، باہمی بھائی چارگی اور یگانگت کی تصویر پیش کررہے تھے۔
دوسری جانب رضا کار روزہ داروں کو افطار پیش کرنے کے لیے ایک دوسرے سے سبقت لینے کی کوشش کررہے تھے۔ حکومتی اور نجی اداروں کی زیرنگرانی پرسکون ماحول اور زائرین کے دعاؤں اور اذکار کے درمیان افطار مکمل ہوا۔افطار ختم ہونے کے بعد مسجد الحرام کی صفائی پر مامور کارکنوں نے مختصر وقت میں دسترخوانوں کو سمیٹ لیا تاکہ ہزاروں زائرین نے نماز مغرب ادا کرسکیں۔