دلیپ کمار کا آبائی مکان پشاور کی حالیہ بارش میں تباہ

[]

پشاور: افسانوی اداکار دلیپ کمار (یوسف خان) مرحوم کا آبائی مکان جو پاکستانی صوبہ خیبر پختونخواہ میں واقع ہے‘ حالیہ موسلادھار بارش کی مار جھیلنے کے بعد لگ بھگ ڈھیر ہونے کو ہے۔ یہ مکان نیشنل ہیریٹیج ہے۔

موسلادھار بارش نے اس مکان کی بحالی اور تزئین نو کے تعلق سے خیبرپختونخواہ کے محکمہ آثارِ قدیمہ کے دعوؤں کو بے نقاب کردیا۔ دلیپ کمار 1922 میں پشاور شہر کے تاریخی قصہ خوانی بازار کے عقب میں واقع محلہ خداداد کے اِس مکان میں پیدا ہوئے تھے۔

انہوں نے 1932 میں بمبئی کا رخ کرنے سے قبل ابتدائی 12 سال یہیں گزارے تھے۔ 13 جولائی 2014 کو اُس وقت کے وزیراعظم نواز شریف نے اس مکان کو پاکستان کی قومی ورثہ کی عمارت قراردیا تھا۔

دلیپ کمار ایک بار یہاں آئے تھے اور انہوں نے جذباتی طورپر یہاں کی مٹی کو چوما تھا۔ سکریٹری ہیریٹیج کونسل صوبہ خیبر پختونخواہ شکیل وحیداللہ خان نے بتایا کہ پشاور کی حالیہ بارش سے دلیپ کمار کے مکان کو شدید نقصان پہنچا۔

انہوں نے کہا کہ 1880 میں بنے اس مکان کے تحفظ پر صوبہ خیبر پختونخواہ کی پچھلی حکومتوں نے بھاری گرانٹس کا اعلان کیا تھا لیکن ایک پائی بھی خرچ نہیں کی۔

دنیا بھر سے آنے والے سیاحوں نے اس مکان کی مخدوش حالت دیکھ کر مایوسی کا اظہار کیا۔

محکمہ آثارِِ قدیمہ کے کنٹرول میں جانے سے قبل مکان کی دیکھ بھال کرنے والے محمد علی میر نے کہا کہ میں اس جائیداد کا اچھی طرح ِخیال رکھ رہاتھا۔

محکمہ آثار قدیمہ کے کنٹرول میں جانے کے بعد مکان کی حالت ابتر ہونے لگی۔ آج یہ بھوت بنگلہ بن گیا ہے۔ دلیپ کمار کو پشاور کے لوگوں سے بڑا لگاؤ تھا۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *