[]
نئی دہلی: کانگریس قائد راہول گاندھی نے اتوار کے دن الزام عائد کیاکہ حکومت‘انڈین ریلویز کی پالیسیاں امیروں کو ذہن میں رکھ کربنارہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیاکہ وزیراعظم مودی پر اعتمادکرنا ’دھوکہ کھانے کی گارنٹی‘ ہے۔
ایکس پر ہندی میں پوسٹ میں راہول گاندھی نے الزام عائدکیاکہ ہوائی چپل پہننے والوں کو ہوائی جہاز میں سفرکرنے کا خواب دکھانے والے وزیراعظم مودی انہیں غریبوں کی سواری ریلویزسے تک دورکررہے ہیں۔
سابق صدرکانگریس نے کہا کہ ہرسال کرایہ میں 10 فیصد اضافہ‘ ڈائنامک فیر کے نام پر لوٹ مار‘ بڑھتے کینسلیشن چارجس اور مہنگے پلیٹ فارم ٹکٹس کے بیچ عوام کو ایک ’ایلیٹ ٹرین‘ کی تصویر دکھاکر راغب کیاجارہا ہے جس میں غریب قدم تک نہیں رکھ سکتے۔
حکومت نے سینئر شہریوں کا استثنیٰ ختم کرکے ان سے 3700 کروڑ روپئے اکٹھا کرلئے۔ انہوں نے الزام عائد کیاکہ اے سی ڈبے بڑھانے جنرل کوچس کو گھٹایاجرہا ہے۔
ان جنرل بوگیوں میں نہ صرف مزدور‘کسان بلکہ طلباء اور نوکری پیشہ لوگ سفرکرتے ہیں۔ اے سی ڈبوں کی تیاری بھی عام ڈبوں سے تین گنابڑھادی گئی ہے۔ ریلوے بجٹ علٰحدہ پیش کرنے کی روایت ختم کرنا ان کرتوتوں کو چھپانے کی سازش ہے۔