[]
تسلیم احمد نے کہا کہ سرودے بال ودیالیہ اسکول کی سائنس لیب بچوں کی تعداد کے حساب سے کافی چھوٹی ہے، جس کو بڑا کرنے کی اشد ضرورت ہے تاکہ اسکول کے بچے تھیوری کے ساتھ پریکٹیکل بھی اچھی طرح کر پائیں۔
نئی دہلی: مینجمنٹ کمیٹی اینڈ اسٹاف ڈاکٹر ذاکر حسین میموریل سینئر سیکنڈری اسکول جعفر آباد کی جانب سے تسلیم احمد (لیکچرر تاریخ) کے بحیثیت پرنسپل انتخاب کے موقع پر الوداعیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ دراصل ڈاکٹر ذاکر حسین میموریل سینئر سیکنڈری اسکول جعفر آباد دہلی میں تدریس کے فرائض انجام دینے والے تسلیم احمد نے جعفر آباد کے سروودے بال ودیالیہ جعفر آباد میں پرنسپل کے عہدہ کی ذمہ داری سنبھالی لی ہے۔
ڈاکٹر ذاکر حسین اسکول میں بطور ٹیچر رہتے ہوئے تسلیم احمد نے اپنی سخت محنت و لگن سے بچوں کی جو تعلیم و تربیت کی ہے اس کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ تاہم ان کی سرپرستی میں آج کئی بچے مختلف شعبوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہر ہ کر ملک و قوم کا نام روشن کر رہے ہیں۔ الوداعی تقریب کے موقع پر اسکول کے اسٹاف نے تسلیم احمد کو پرنسپل بننے پر اور مستقبل میں مزید بہتر کام کرنے کی نیک خواہشات پیش کیں۔
اپنی تقریر میں تسلیم احمد نے کہا کہ میرا وژن ہے ہمارے اسکول کے بچے ہر میدان میں کامیابی حاصل کریں۔ اپنے اس وژن کو سامنے رکھ کر میں کام کر رہا ہوں۔ سرودے بال ودیالیہ اسکول کی سائنس لیب بچوں کی تعداد کے حساب سے کافی چھوٹی ہے، جس کو بڑا کرنے کی اشد ضرورت ہے تاکہ اسکول کے بچے تھیوری کے ساتھ ساتھ پریکٹیکل بھی اچھی طرح کر پائیں۔ اس تعلق سے ہم نے ڈپٹی ڈائریکٹر آف ایجوکیشن سے بھی بات کی ہے۔ علاوہ ازیں ہماری لائبریری کا نظام اس طرح بنایا جائے کہ جو طلباء مقابلہ جاتی امتحان، بالخصوص سیول سروسز کی تیاریاں کرنا چاہتے ہیں، ان کے لیے لائبریری میں اُردو، ہندی، انگریزی، تینوں زبانوں کے سبھی اخبارات و رسائل موجود ہوں اور بچوں کو لائبریری میں انٹری کرنے کا آئی ڈی کارڈ دیا جائے۔ یہ لائبریری اتوار اور تعطیل کے دوسرے دنوں میں بھی کھلی رہیں، اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کیلئے ہماری کوشش جاری ہے۔
کھیل کود کے حوالے سے تسلیم احمد نے کہا کہ ہمارے اسکولوں میں زیر تعلیم بچے کھیل کود کے میدان میں کافی آگے ہیں لیکن ان کو مکمل ٹریننگ اور پلیٹ فارم نہ ملنے کی وجہ سے اسٹیٹ، نیشنل اور انٹرنیشنل لیول پر پہنچنے میں دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اسی لئے ہماری کوشش ہے کہ بچوں کو اچھی ٹریننگ ملے اور وہ کھیل کود کے میدان میں بھی ترقی کریں۔ ہماری کوشش ہے کہ بچوں کا اوور آل ڈیولپمنٹ ہو۔
اس موقع پر اُردو زبان کے محسن ماسٹر شمس الدین نے تسلیم احمد کا صمیم قلب سے استقبال کیا اور علاقے کی نئی نسل کے روشن مستقبل کے بارے میں تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ چوہان بانگر کے ایم سی ڈی اسکولوں کے پرنسپلز اور سروودے بال ودیالیہ کے پرنسپل کو مل کر ایک لائحہ عمل تیار کرنا چاہئے تاکہ بچوں کو اچھی طرح رہنمائی ہو سکے۔ چونکہ ایم سی ڈی اسکولوں سے فارغ ہو کر بچے چھٹی جماعت میں سروودے بال ودیالیہ میں داخلہ لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تسلیم احمد تجربہ کار ٹیچر ہیں اور ان کی رہنمائی میں علاقہ کے بچے تعلیم، کھیل کود، دوسرے میدانوں میں خوب ترقی کریں گے۔
اس موقع پر ذاکر حسین اسکول کے سابق پرنسپل ڈاکٹر محمد معروف خان، وائس پرنسپل اور انچارج محمد ریاض الحسن خان، زین العابدین، حاجی مقصود جمال، جعفر آباد کے معزز افراد کے علاوہ اردو زبان کے محسن ماسٹر شمس الدین، ماسٹر معین احمد کے علاوہ اسکول کا تقریباً تمام اسٹاف بھی موجود تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔