[]
موغادیشو: افریقی ملک صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں 10 فروری کے روز ایک فوجی اڈے کو دہشت گردوں نے ٹارگٹ کیا، جس کے باعث کم از کم پانچ فوجی شہید ہوگئے جبکہ وہ نماز کی ادائیگی میں مصروف تھے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق یو اے ای کی وزارت دفاع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اس کی مسلح افواج کے تین ارکان اور ایک بحرینی افسر اس حملے میں مارے گئے ہیں، وہ لوگ صومالی مسلح افواج کو تربیت دینے کے لیے وہاں موجود تھے۔
متحدہ عرب امارات کے مطابق دہشت گردوں کے حملے میں کچھ فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں۔
متحدہ عرب امارات کا کہنا ہے کہ تحقیقات جاری ہے اور صورتحال کا تعین کرنے کے لیے صومالی حکومت سے رابطے میں ہیں۔ جبکہ حملے سے متعلق مزید تفصیلات شیئر نہیں کی گئیں۔
ایک افسر نے رائٹرز کو بتایا کہ حملہ آور ایک نیا تربیت یافتہ صومالی فوجی تھا جس کو یو اے ای کے زیر انتظام گورڈن نامی فوجی اڈے پر گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔
اس افسر کا کہنا تھا کہ فوجی نے اماراتی ٹرینرز اور صومالی فوج کے اہلکاروں پر اس وقت فائرنگ کی جب وہ نماز ادا کررہے تھے، حملے میں چار اہلکار زخمی جب کہ 5 فوجی ہلاک ہوگئے۔