[]
راجکوٹ: ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان جاری ٹسٹ سیریز کے دوران نوجوان اسپنر نے اپنی بولنگ کو لیجنڈ شین وارن کی طرح قرار دیا ہے۔ انگلینڈ کے 19 سالہ نوجوان لیگ اسپنر ریحان احمد نے ٹسٹ کپتان بین اسٹوکس اور ہیڈ کوچ برینڈن میکلم کی جانب سے ملنے والی غیر متزلزل حمایت کا ذکر کیاہے۔
انہوں نے کہاکہ وہ کبھی لوز ڈیلیوری بھی کردیتے ہیں۔ ریحان احمد نے کہاکہ انتظامیہ جب ان کی حمایت کرتی ہیے تو انہیں ایسا محسوس ہوتاہے جیسے وہ آنجہانی آسٹریلوی لیجنڈ اسپنر شین وارن کی طرح بولنگ کر رہے ہوں۔
انہوں نے کہاکہ شاید ہر اوور میں ہاف لینتھ پر گیند پھینک دیتا ہوں اور مجھے محسوس نہیں ہوتا کہ میں ایسا کرتا ہوں۔ مجھے ایسا لگتاہے جیسے میں شین وارن کی طرح بولنگ کرتا ہوں۔ انگلش اسپنر نے کہاکہ یہ وہ اعتماد ہے جو مجھے ڈریسنگ روم سے ملتا ہے اور مجھے کپتان اور ہیڈ کوچ کی جانب سے جو سپورٹ ملتی ہے اس سے کافی بہتری آتی ہے۔
ریحان احمد نے مزید کہاکہ بین اسٹوکس ان کیلئے اور دیگر دو ناتجربہ کار اسپنرز ٹام ہارٹلے اور شعیب بشیر کیلئے ایک شاندار کپتان ثابت ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ انگلینڈ اور ہندوستان کے درمیان پانچ ٹسٹ میاچس کی سریز اس وقت 1-1 سے برابر ہے۔
حیدرآباد ٹسٹ میں مہمان سائیڈ نے اسپنرز کی عمدہ بولنگ کی وجہ سے فتح حاصل کی تھی جبکہ وشاکاپٹنم ٹسٹ میں میزبان ہندوستان نے حساب برابر کر دیا تھا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا ٹسٹ 15 فروری سے راجکوٹ میں کھیلا جائیگا۔