[]
مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا سے نقل کیاہے کہ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے یوم عاشورہ 10 محرم الحرام 1445ھ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ معرکہ اسلام کی سربلندی کی خاطر ایک جدوجہد تھی جو حضرت امام حسین علیہ السلام کے اصولی موقف، غیر متزلزل بہادری اور قربانی سے عبارت ہے، اس جرت مندانہ عمل سے ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ ہمیں ظلم اور غلط کام کے سامنے نہیں جھکنا چاہیے اور ناانصافی اور ظلم کے خلاف آواز اٹھانی چاہیے، چاہے اس کے لیے کتنی ہی قیمت کیوں نہ ادا کرنی پڑے۔
انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام کے ساتھی، جو اس پرآشوب دن میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے تھے، ہمیں وفاداری، راستبازی اور حق و انصاف کیلئے جدوجہد کرنے والوں کا ساتھ دینے کی اہمیت سکھاتے ہیں، کربلا کی جنگ سے ہمیں بے لوث اور عظیم تر بھلائی کیلئے قربانی کی اہمیت کا درس ملتا ہے، امام حسین نے طاقت اور تعداد کم ہونے کے باوجود اسلام کے اصولوں اور اقدار سے دستبردار ہونے سے انکار کردیا۔
ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ اللہ تعالی ہمیں حضرت امام حسین علیہ السلام کی قربانیوں سے سبق حاصل کرنے اور ہمت، استقامت اور دلیری کے ساتھ آگے بڑھنے کی توفیق عطا فرمائے۔