[]
نئی دہلی: سپریم کورٹ نے پیر کے دن حکم دیا کہ متھرا میں کرشن جنم بھومی مندر سے متصل شاہی عیدگاہ مسجد کامپلکس کے سروے پر عبوری روک جاری رہے گی۔
کورٹ کمشنر کی زیرنگرانی سروے کا حکم الٰہ آباد ہائی کورٹ نے دیا تھا۔ جسٹس سنجیو کھنہ ا ور جسٹس دیپانکر دتہ پر مشتمل بنچ نے شاہی عیدگاہ مسجد کی انتظامی کمیٹی کی داخل کردہ درخواست کی مزید سماعت اپریل کے ابتدائی نصف حصہ میں مقرر کی۔
بنچ نے کہا کہ عبوری احکام جاری رہیں گے۔ اپریل 2024 کے پہلے پندرھواڑہ میں ری لسٹنگ کی جائے۔ بنچ نے کہا کہ اپریل میں ساری درخواستوں کی سماعت ایک ساتھ ہوگی۔
آئی اے این ایس کے بموجب سپریم کورٹ نے متھرا کے کرشن جنم بھومی۔ شاہی عیدگاہ مسجد تنازعہ سے متعلق درخواستوں کی سماعت ملتوی کردی۔ جسٹس سنجیو کھنہ کی بنچ نے کہا کہ فریقین کی مشترکہ درخواست پر اپریل 2024 کے پہلے پندرھواڑہ میں دوبارہ لسٹنگ کی جائے۔ بنچ نے فریقین سے کہا کہ وہ ہر معاملہ میں 3 صفحات سے زیادہ کی درخواست داخل نہ کریں۔
درخواست کے ساتھ وہ اُن فیصلوں کی نقل داخل کرسکتے ہیں جن پر ان کا انحصار ہے۔ 16جنوری کو سپریم کورٹ نے کورٹ کمشنر کی زیرنگرانی شاہی عیدگاہ مسجد کے سروے پر روک لگادی تھی تاہم اس نے واضح کیا تھا کہ ہائی کورٹ میں مقدمہ کی سماعت جاری رہے گی۔