[]
حیدرآباد: چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ ریاست کے ہر شری کے لیے ڈیجیٹل ہیلتھ پروفائل کارڈ تیار کیا جایگا۔ انہوں نے محکمہ صحت کے عہدیداروں کو اس کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔
انہوں نے ڈیجیٹل ہیلتھ پروفائل کارڈ کو ایک منفرد نمبر کے ساتھ لنک کرنے کی تجویزپیش کی۔ انہوں نے کہا کہ اس سے ہنگامی حالات میں مناسب علاج فراہم کیا جا سکتا ہے۔
چیف منسٹر نے اس ہیلتھ پروفائل کارڈ کے ساتھ آروگیہ سری کو مربوط کرنے کا بھی مشورہ دیا اور آروگیہ شری کے لیے سفید راشن کارڈ کو لازمی قرار دینے کی شرط میں نرمی کے معاملے پر غور کرنے کے لیے عہدیداروں سے تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے کہا کہ سفید راشن کارڈ کو لازمی قرار دینے کی شرط کی وجہ سے آروگیہ شری کارڈ کے لئے سفید راشن کارڈ لینے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔
چیف منسٹر نے ورنگل، ایل بی نگر، صنعت نگر اور الوال میں تلنگانہ انسٹیٹوٹ اف میڈیکل ساینسس سوپر اسپیشلٹی اسپتالوں کی تعمیر میں تیزی لاتے ہوئے عاجلانہ طور پر مکمل کرنے کا حکم دیا۔
انہوں نے کہا کہ میڈیکل کالجس کو ہسپتالوں سے منسلک کیا جائے تاکہ ڈاکٹروں کی کمی نہ ہو۔ ریونت ریڈی نے ریاست میں ان میڈیکل، نرسنگ اور پیرا میڈیکل کالجوں کی تفصیلات سے واقفیت حاصل کی جو ابھی تک شروع نہیں ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا ریاست کے تمام حصوں کے عوام کو صرف حیدرآباد پر انحصار کرنے کے بجائے متبادل اقدامات کرنے چاہئیں۔ وہ چاہتے ہیں کہ ہر علاقے میں طبی سہولیات فراہم کرتے ہوئے عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔