[]
وادی میں 24 جنوری تک موسم مجموعی طورپر خشک رہنے کا امکان ہےاور 25 اور26 جنوری کو موسم ابر آلود رہ سکتا ہے۔ اس دوران پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری کا امکان ہے۔
وادی کشمیر میں خشک موسمی صورتحال کے بیچ شبانہ ٹھٹھرتی سردیوں کا زور برابر قائم رہتے ہوئے سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔ ادھر محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں طویل خشک موسمی صورتحال کا سلسلہ ماہ رواں کے اگلے آخری ایام کے دوران ٹوٹ جانے کا امکان ہے۔ متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 24 جنوری تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ وادی میں 25 اور 26 جنوری کو موسم ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری کا امکان ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں 27 اور 28 جنوری کو بھی موسم ابر آلود رہنے کے ساتھ کہیں کہیں ہلکی بارشیں یا برف باری متوقع ہے جبکہ 20 سے 31 جنوری کے دوران کئی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشیں یا برف باری کا امکان ہے۔
موصوف ترجمان نے بتایا کہ بعد میں وادی میں ا یک فروری کو بھی ہلکی بارشوں یا برف باری کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبہ جموں میں اگلے دو دنوں کے دوران گہری دھند چھائی رہنے کے ساتھ ساتھ دن کے درجہ حرارت میں گراوٹ ریکارڈ ہوسکتی ہے۔ادھر وادی میں شبانہ درجہ حرارت میں مزید گراوٹ درج ہوئی ہے۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کا درج حرارت منفی4.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی4.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی5.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارد ہوا تھا۔
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی6.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کا درجہ حرارت منفی6.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی6.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کا درجہ حرارت منفی5.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی5.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی12.2 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی11.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
دریں اثنا وادی میں سردیوں کے بادشاہ چلہ کلان کے 32 ویں دن بھی موسم خشک رہا اور دن بھر ہلکی دھوپ چھائی رہی۔وادی میں جاری خشک موسمی صورتحال سے جہاں تمام تر شعبہ ہائے حیات پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں وہیں یہاں موجود غیر مقامی سیاحوں میں بھی مایوسی پائی جا رہی ہے۔
وادی میں برف باری کے لئے دعائیہ مجالس اور نماز استسقا کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔قابل ذکر ہے کہ وادی کشمیر میں چالیس روزہ چلہ کلان 21 دسمبر سے مسند اقتدار پر جلوہ افروز ہے۔چلہ کلان جو ’شہنشہاہ زمستان‘ کے نام سے بھی وادی کے قرب وجوار میں مشہور ہے،21 دسمبر سے شروع ہو کر 31 جنوری کو اختتام پذیر ہوجاتا ہے۔
;