عام آدمی پارٹی‘ آر ایس ایس کا چھوٹا ریچارج:اسد اویسی

[]

حیدر آباد: کل ہند مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم)کے صدر اسد الدین اویسی نے عام آدمی پارٹی پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ آر ایس ایس اور بی جے پی کے نظریات پر عمل کررہی ہے۔

اسد الدین اویسی نے کہا کہ عام آدمی پارٹی نے دہلی کے ہر اسمبلی حلقہ میں سندرکنڈ پارتھس اور ہنومان چالیسہ کے اہتمام کا فیصلہ کیا ہے جس سے اِس بات کا اظہار ہوتا ہے کہ مذکورہ پارٹی آر ایس ایس اور بی جے پی کے نظریات پر عمل پیرا ہے۔

عام آدمی پارٹی کی جانب سے اِس طرح کے فیصلہ پر صدر مجلس نے شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے دہلی کی برسر اقتدار پارٹی کو آر ایس ایس کا چھوٹا ریچارج قرار دیا ہے اور کہا کہ ہر ماہ کے پہلے منگل کو ہنومان چالیسہ کے انعقاد کا فیصلہ کرکے عام آدمی پارٹی نے یہ ظاہر کردیا ہے کہ وہ بی جے پی اور آر ایس ایس کے نظریات اور نقطہ نظر پر عمل کرتی ہے۔

اپنے ایکس پوسٹ پر اویسی نے کہا کہ 22 / جنوری کو ہونے والی تقریب کے پیش نظر عام آدمی پارٹی نے یہ فیصلہ کیا ہے جب کہ مذکورہ تاریخ کو ایودھیا میں رام مندر کی افتتاحی تقریب منعقد ہونے والی ہے۔

صدر مجلس نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کے قا ئدین نے بلقیس بانو کے مسئلہ پر خاموشی اختیار کی ہے جب کہ وہ تعلیم اور صحت سے متعلق اُمور کے تعلق سے بلند بانگ دعوے کرتی آرہی ہے۔ انہوں نے استفسار کیا کہ آیا سندر کنڈ پارتھ تعلیم یا صحت کا کوئی سبق ہے۔

 کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کے قائد نے کہا کہ حقیقت کو یہ ہے کہ وہ انصاف سے انحراف کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ عام آدمی پارٹی کی جانب سے سنگھ کے ایجنڈہ کی مکمل تائید کی جارہی ہے۔ وہ یہ نہیں چاہتے کہ ہم بابری مسجد کے تعلق سے لب کشائی کریں، لیکن وہ انصاف سے انحراف کرتے آرہے ہیں۔ اویسی نے یہ بھی الزام عائد کیا ہے کہ وہ نریندر مودی کے راستہ پر عمل پیرا ہیں اور ہندوتوا کی سیاست اختیار کررہے ہیں۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *