شمالی ہندوستان شدید سردی کی لپیٹ میں، آسمان پر دھند کی چادر، پروازیں تاخیر کا شکار، ٹرینوں کی رفتار بھی ماند پڑ گئی

[]

شمالی ہند شدید سردی کی لپیٹ میں ہے اور دھند کے باعث فضائی پروازوں اور ٹرینوں کا آپریشن متاثر ہو رہا ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق دہلی کے پالم اور صفدرجنگ ہوائی اڈوں پر صبح کے وقت حد نگاہ 500 میٹر تک رہ گئی

دہلی میں دھند / فائل تصویر / سوشل میڈیا
دہلی میں دھند / فائل تصویر / سوشل میڈیا
user

نئی دہلی: پورا شمالی ہندوستان اس وقت سردی کی لہر اور شدید دھند کی لپیٹ میں ہے۔ کڑاکے کی سردی کے باعث لوگ گھروں تک محدود رہنے پر مجبور ہیں، وہیں دھند کے باعث فضائی پروازوں اور ٹرینوں کا آپریشن متاثر ہو رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق منگل (16 جنوری) کو دھند کی وجہ سے دہلی ہوائی اڈے سے 30 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں، جب کہ 17 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔

ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق، شہر کے پالم (وی آئی ڈی پی) اور صفدرجنگ ہوائی اڈوں پر صبح 500 میٹر تک حد نگاہ ریکارڈ کی گئی۔ نیوز ایجنسی اے این آئی نے ایئرپورٹ اتھارٹی کے حوالے سے بتایا کہ دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ (آئی جی آئی اے) سے روانہ ہونے والی تقریباً 30 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں اور 17 کو منسوخ کر دیا گیا۔

منگل کو نہ صرف دہلی ہوائی اڈے بلکہ ملک کے مختلف ہوائی اڈوں پر بھی حد نگاہ بہت کم درج کی گئی اور وارانسی، آگرہ، گوالیار، جموں، پٹھانکوٹ اور چنڈی گڑھ حدنگاہ صفر رہ گئی۔ جبکہ گیا ہوائی اڈے پر 20 میٹر، الہ آباد ہوائی اڈے پر 50 میٹر، تیج پور ہوائی اڈے پر 50 میٹر، اگرتلہ ہوائی اڈے پر 100 میٹر، وجے واڑہ ہوائی اڈے پر 100 میٹر اور باگ ڈوگرا ہوائی اڈے پر 100 میٹر حد نگاہ ریکارڈ کی گئی۔

وہیں، پروازوں میں گھنٹوں تاخیر اور ان کی منسوخی کی وجہ سے مسافروں کو شدید سردی میں شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ سوشل میڈیا پر ایسی کئی تصویریں وائرل ہو رہی ہیں، جن میں لوگوں کو کھلے آسمان تلے بیٹھنا پڑ رہا ہے۔ دو دن پہلے انڈیگو کی پرواز کی تاخیر سے ناراض ایک مسافر نے پائلٹ پر حملہ کر دیا تھا۔ اس سے قبل پیر کو دھند کی وجہ سے دہلی ہوائی اڈے پر پانچ پروازوں کا رخ موڑ دیا گیا تھا، جب کہ 100 سے زیادہ پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔

دھند کے باعث نہ صرف پروازیں بلکہ ٹرینوں کا آپریشن بھی متاثر ہو رہا ہے۔ شدید دھند کی وجہ سے منگل کو رانی کملا پتی-حضرت نظام الدین وندے بھارت اور ہاوڑہ-دہلی راجدھانی ایکسپریس سمیت تقریباً 30 ٹرینوں کی رفتار ماند پڑ گئی اور وہ تاخیر کا شکار ہو گئیں، جس سے بہت سے مسافر نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر پھنس گئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


;



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *