اسرائیلی فورسس کا غرب اُردن کی فلسطینی یونیورسٹی پر دھاوا، 20 افراد گرفتار (ویڈیو)

[]

نابلس/ غزہ: غزہ پٹی پر اسرائیل کی جنگ ایک سو ایک دن میں جاری ہے۔ دوسری جانب مغربی کنارہ پر اس کے روزانہ کے چھاپوں میں مزید کئی فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔

پیر کے دن اسرائیلی فورسس نے غرب اردن کے شمالی شہرنابلس میں واقع النجاح نیشنل یونیورسٹی پر دھاوا بولا۔ انہوں نے یونیورسٹی کے کیمپس میں گھس کر تلاشی لی اور وہاں سے طلبا سمیت کم سے کم بیس افراد کو حراست میں لے لیا۔

النجاح نیشنل یونیورسٹی کے حکام نے آج اطلاع دی ہے کہ ایک اسرائیلی فوج نے نابلس شہر میں واقع یونیورسٹی پر دھاوا بول دیا۔ اس یونیورسٹی میں کم سے کم احتجاج کرنے والے 20 طلباء کو گرفتار کر لیا گیا۔دریں اثنا یونیورسٹی برائے کمیونٹی افیئرس کے نائب صدر ڈاکٹر رائد الدبعی نے انکشاف کیا کہ سینکڑوں فوجیوں نے طوفانی کارروائی میں حصہ لیا۔

یونیورسٹی کی راہداریوں توڑپھوڑ کی اور اس کے 20 طلباء کو گرفتار کر لیا۔عرب عالمی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے یونیورسٹی کے متعدد سکیورٹی گارڈز کو بھی حراست میں لے لیا۔انہوں نیبتایا کہ اسرائیلی فورسس کے حملہ کے نتیجہ میں متعدد سیکوریٹی گارڈس زخمی بھی ہوئے۔

النجاح یونیورسٹی نے ایک بیان میں کہا کہ یونیورسٹی پر چھاپہ فلسطینی قومی، تعلیمی، صحت کے اداروں اور مذہبی اداروں پر اسرائیل کے بار بار ہونے والے حملوں کا تسلسل ہے۔دوسری جانب فلسطینی اسیران کلب کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ اکتوبر سے اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں حراست میں لیے گئے فلسطینیوں کی تعداد تقریباً 5,875 تک پہنچ گئی ہے۔

اسی دوران اسرائیلی فورسس کی جانب سے غزہ پر بمباری کا سلسلہ جاری ہے۔ اسرائیلی فوج کی جانب سے رہائشی علاقوں پر بمباری میں مصری میڈیا کے صحافی اور مواصلاتی کمپنی کے دو اہلکاروں سمیت مزید 125 فلسطینی جام شہادت نوش کرگئے، جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مصری ٹی وی کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ ان کے صحافی یزان الزویدی غزہ میں اپنی صحافتی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے اسرائیلی فورسز کی بمباری کا نشانہ بن گئے۔اپنے بیان میں مصری ٹی وی نے انسانی حقوق اور صحافیوں کی عالمی تنظیموں سے اسرائیل کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ اسرائیلی فوج نے یزان الزویدی کو غزہ میں ٹارگٹ بنا کر شہید کیا ہے۔

غزہ میں مواصلاتی نظام کا بلیک آؤٹ اب بھی جاری ہے، مواصلاتی اور انٹرنیٹ سرویسس2 روز سے معطل ہیں۔صحافیوں کی عالمی تنظیم کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس نے کہا ہے کہ اسرائیلی افواج کے ہاتھوں شہید ہونے والے صحافیوں کی تعداد 82 ہو چکی ہے جس میں 75 فلسطینی صحافی شامل ہیں۔

اسرائیلی فورسس نے مغربی کنارے میں چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران مزید 5 فلسطینی نوجوانوں کو شہید کردیا گیا، صیہونی فوج کی جانب سے گزشتہ 100 روز کے دوران 5 ہزار 875 فلسطینیوں کو حراست میں بھی لے لیا ہے۔

عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ مغربی کنارے میں مختلف کارروائیوں کے دوران اسرائیلی فوج کے ہاتھوں 16 سالہ خالد ہمیدات اور 17 سالہ سلیمان کنان سمیت 5 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔



ہمیں فالو کریں


Google News

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *