[]
ملبورن: آسٹریلیا کے لیجنڈری کھلاڑی شان مارش نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔ انہوں نے بگ بیش لیگ میں اپنے کیریر کا آخری میچ سڈنی تھنڈر کے خلاف کھیلا۔ مارش نے اپنے کیریر کے دوران کئی یادگار ریکارڈ بنائے۔
وہ انڈین پریمیر لیگ میں بھی کھیل چکے ہیں۔ مارش وہ کھلاڑی ہیں جنہوں نے آئی پی ایل کے پہلے سیزن میں اورنج کیپ جیتی تھی۔ انہوں نے بین الاقوامی کے ساتھ ساتھ ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ مارش بگ بیش لیگ میں ملبورن رینیگیڈز کیلئے کھیل رہے ہیں۔
انہوں نے ملبورن اسٹارز کے خلاف کھیلے گئے آخری میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ مارش نے 49 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 64 رنز بنائے۔ اس دوران انہوں نے 10 چوکے لگائے اور ناٹ آؤٹ بھی رہے۔ ان کی کارکردگی کی بنیاد پر ملبورن رینیگیڈز نے 6 وکٹوں سے فتح حاصل کی۔ مارش نے اب انکشاف کیاہے کہ وہ اپنے کیریر کا آخری میچ 17 جنوری کو سڈنی تھنڈر کے خلاف کھیلیں گے۔ اس کے بعد ریٹائر ہوجائیں گے۔
مارش کا آئی پی ایل کیریئر بھی شاندار رہا ہے۔ وہ آئی پی ایل میں صرف پنجاب کنگز کیلئے کھیلے۔ انہوں نے 2008 میں آئی پی ایل میں اپنا ڈیبیو میچ کھیلا اور ڈیبیو سیزن میں ہی اورنج کیپ جیتی۔ وہ آئی پی ایل میں اورنج کیپ جیتنے والے پہلے کھلاڑی تھے۔ مارش نے آئی پی ایل کے 71 میچ کھیلے ہیں۔
اس دوران 2477 رنز بنائے۔ انہوں نے ایک سنچری اور 20 نصف سنچریاں اسکور کیں۔ ان کا بہترین اسکور 115 رنز رہاہے۔ مارش کے بین الاقوامی کیریر پر نظر ڈالی جائے تو وہ بھی کارگر رہے ہیں۔ انہوں نے 73 ونڈے میچوں میں 2773 رنز بنائے ہیں۔
اس دوران انہوں نے 7 سنچریاں اور 15 نصف سنچریاں اسکور کیں۔ ونڈے میں ان کا بہترین اسکور 151 رنز رہا ہے۔ انہوں نے 38 ٹسٹ میچ بھی کھیلے۔
اس دوران 2265 رنز بنائے۔ ان کا بہترین ٹسٹ اسکور 182 رنز رہاہے۔ اس دوران بائیں ہاتھ کے بلے باز نے 6 سنچریاں اور 10 نصف سنچریاں اسکور کیں۔ مارش نے اپنے پہلے ونڈے میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ انہوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 7 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 81 رنز بنائے تھے۔