[]
ممبئی: افغانستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد ہندوستان کو انگلینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی ٹسٹ سیریز کھیلنی ہے جس کا آغاز 25 جنوری سے ہوگا۔
بی سی سی آئی نے سیریز کے پہلے دو ٹسٹ میچوں کیلئے ہندوستانی ٹیم کا اعلان کیا۔ سلیکٹرز نے اس سیریز کیلئے کئی حیران کن فیصلے لیے ہیں جبکہ ایشان کشن کو فارغ کردیا گیاہے۔ کے ایل راہل کو اس سیریز میں وکٹ کیپنگ کی ذمہ داری سے فارغ کیاگیا۔
سلیکٹرز نے انگلینڈ کے خلاف سیریز کیلئے اسپن وکٹوں کو مدنظر رکھتے ہوئے دو ماہر وکٹ کیپرز کا انتخاب کیاہے۔ ان میں کے ایس بھرت کے ساتھ ساتھ اترپردیش سے تعلق رکھنے والے دھرو جورل شامل ہیں۔ دھرو کو پہلی مرتبہ ٹیم میں موقع دیا گیا ہے۔ حالیہ دنوں میں ڈومیسٹک کرکٹ میں جورل کی کارکردگی شاندار رہی ہے۔
جنوبی افریقہ کے گزشتہ دورے کیلئے ٹیم انڈیا میں شامل 5 کھلاڑیوں کو پہلے دو میچوں کیلئے منتخب نہیں کیاگیا جن میں گائیکواڈ، شاردول ٹھاکر، پرسدھ کرشنا اور ایشان کشن شامل تھے۔ محمد سمیع فٹنس مسائل کی وجہ سے ٹیم سے باہر ہیں۔ سلکٹرس نے اویش کو سمیع کے متبادل کے طورپر ٹیم میں برقرار رکھاہے۔
ٹیم کے تجربہ کار بلے باز چیتیشورپجارا اور اجنکیا رہانے کو بھی انگلینڈ کے خلاف پہلے دو ٹسٹ میچوں کیلئے منتخب کی گئی ٹیم میں موقع نہیں دیا گیاہے جو اس بات کا اشارہ دے رہا ہے کہ ان کا کیریر تقریباً ختم ہوچکا ہے۔ کلدیپ یادو اور اکشر پٹیل کی ٹسٹ ٹیم میں واپسی ہوئی ہے جو طویل عرصہ سے اس سیٹ اپ سے باہر تھے۔
اکشر نے آخری ٹسٹ مارچ 2023 میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلا تھا جبکہ کلدیپ نے آخری ٹسٹ دسمبر 2022 میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلا تھا۔ ان دونوں کے علاوہ ٹیم میں روی چندرن اشون اور رویندر جڈیجہ کی شکل میں دو اور اسپنر ہیں۔ سلکٹرس نے کے ایل راہول کو وکٹ کیپنگ کی ذمہ داری سے فارغ کردیا۔
کے ایس بھرت اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ فاسٹ بولنگ کے شعبہ میں محمد سراج‘ مکیش کمار‘ جسپریت بمراہ اور اویش خان رہیں گے۔ تاہم توقع ہے کہ حیدرآباد میں ہونے والے پہلے میاچ میں ٹیم انڈیا 2 فاسٹ بولرس اور 3 اسپنرس کے ساتھ میدان میں اترے گی۔
ایسے میں محمد سراج اور بمراہ کی شکل میں 2 فاسٹ بولرس جبکہ روی چندرن اشون‘ رویندر جڈیجہ کے علاوہ کلدیپ اور اکشر میں سے کسی ایک کو پلیئنگ الیون میں موقع مل سکتاہے۔ حیدرآباد میں پہلا میاچ 25 جنوری سے کھیلا جائے گا۔