[]
نئی دہلی: 75 ویں یوم ِ جمہوریہ سے قبل ممنوعہ تنظیم سکھس فار جسٹس(ایس ایف جے) نے اعلان کیا ہے کہ وہ ہندوستان میں خالصتان ریفرنڈم ووٹر رجسٹریشن شروع کرنے والی ہے۔
وہ قومی دارالحکومت میں اس کے لئے ایک ملین امریکی ڈالر خرچ کرے گی۔ ترنگا کو اپنا ٹارگٹ قراردیتے ہوئے کٹر تنظیم کے قائد گرپتونت سنگھ پنوں نے جمعہ کے دن جاری تازہ ویڈیو میں کہا کہ دہلی میں 26جنوری ”ڈی۔ ڈے“ بننے والا ہے۔
26 جنوری کو ہم ہندوستان میں خالصتان ووٹر رجسٹریشن شروع کررہے ہیں۔ ہمارا نشانہ ترنگا ہے۔ 26 جنوری دہلی میں ڈی ڈے بنے گی۔
ہم دہلی میں خالصتانی پرچم لہرانے کے لئے ایک ملین امریکی ڈالر خرچ کرنے والے ہیں۔ ایس ایف جے کے لیگل کونسل گرپتونت سنگھ پنوں نے صدر فرانس میکرون کو بھی نشانہ تنقید بنایا جو یوم ِ جمہوریہ تقاریب میں مہمان ِ خصوصی ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ فرنچ صدر میکرون کے لئے شو بننے والا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم نریندرمودی کی تائید کے لئے فرنچ صدر پر تنقید کی۔
انہوں نے دہلی کے عوام سے کہا کہ وہ گھروں میں رہیں‘ محفوظ رہیں۔ سکھ باغی رہنما نے کہا کہ دہلی والو ہم تمہارے خلاف نہیں ہیں۔ لڑائی خالصتان نواز سکھوں اور مودی حکومت کے بیچ ہے۔
پیر کے دن گرپتونت سنگھ پنوں نے 22 جنوری کی رام مندر افتتاحی تقریب سے قبل امرتسر تا ایودھیا ایرپورٹس بند کردینے کا مطالبہ کیا تھا۔
انہوں نے مسلمانان ِ ہند سے کہا تھا کہ وہ رام مندر تقریب کی مخالفت کریں۔ انہوں نے ہندوستانی مسلمانوں سے یہ بھی کہا تھا کہ وہ ہندوستان سے کاٹ کر اُردوستان بنائیں۔
امریکہ کا دعویٰ ہے کہ اس نے گرپتونت سنگھ پنوں کو ہندوستانی ایجنٹوں کے ہاتھوں قتل ہونے سے بچایا ہے۔
وہ ہندوستان میں تقریباً 24 کیسس میں مطلوب ہے جن میں دہشت گردی اور غداری کے معاملے بھی شامل ہیں۔ ستمبر 2023 میں این آئی اے امرتسر اور چندی گڑھ میں پنوں کی جائیدادیں ضبط کرلی تھیں۔