[]
دی ہیگ(نیدرلینڈس): بین الاقوامی عدالت ِ انصاف میں آج ججوں نے اسرائیل کے خلاف جنوبی افریقہ کے ایک کیس میں دلائل کی سماعت شروع کی جو 2 دن تک جاری رہے گی۔ جنوبی افریقہ نے اسرائیل پر غزہ جنگ میں نسل کشی کا الزام عائد کیا ہے جبکہ اسرائیل اس الزام کو مسترد کرتا ہے۔
جنوبی افریقہ نے بین الاقوامی عدالت ِ انصاف سے گزارش کی ہے کہ وہ اس کیس کے ایک حصہ کے طورپر جس کی یکسوئی میں برسوں لگ سکتے ہیں‘ ابتدائی طورپر غزہ پٹی میں اسرائیل کی فوجی کارروائی کو فوری معطل کرنے کا حکم دے۔
یہ تنازعہ ہولوکاسٹ میں نازیوں کی نسل کشی کے نتیجہ میں یہودی ریاست کے طورپر تخلیق کردہ اسرائیل کی قومی شناخت کے قلب پر ضرب لگاتا ہے۔ آج علی الصبح خون منجمد کردینے والے درجہ حرارت کے باوجود موافق اسرائیل اور موافق فلسطینی مظاہرین‘ عدالت کے باہر جمع ہونا شروع ہوئے۔ ڈچ پولیس بھی وہاں تعینات تھی۔
اسرائیلی حامیوں کا ایک گروپ دی ہیگ میں مارچ کرتا ہوا عدالت تک پہنچنے کا منصوبہ رکھتا تھا۔ اسرائیل اگرچہ کہ اقوام متحدہ اور بین الاقوامی ٹریبونلس کو غیرمنصفانہ اور جانبدارانہ تصور کرتا ہے اس کے باوجود اس نے حماس کی جانب سے 7 اکتوبر کو کئے گئے حملوں کے نتیجہ میں شروع کی گئی۔
اپنی فوجی کارروائی کا دفاع کرنے ایک طاقتور قانونی ٹیم روانہ کی۔ اسرائیلی وزیراعظم بنجامن نتن یاہو نے چہارشنبہ کی رات اپنے ملک کے اقدامات کا دفاع کرتے ہوئے ایک ویڈیو بیان جاری کیا۔ علیحدہ اطلاع کے بموجب بین الاقوامی عدالت ِ انصاف نے اسرائیل کے خلاف نسل کشی کا مقدمہ چلانے کے لئے اپنی پہلی سماعت کی۔
جنوبی افریقہ کی قانونی ٹیم نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف دلائل پیش کئے اور کہا کہ اسرائیل‘ غزہ میں بچوں اور شہریوں کے قتل کو جواز فراہم کرنے کے لئے مذہبی بیان بازی کا استعمال کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں تباہی کے پیمانے اور بچوں کے قتل سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ تباہی مقصود ہے۔
اسرائیل میں فیصلہ سازوں نے مکمل بمباری کا مطالبہ کیا تھا اور جوہری ہتھیاروں کے استعمال کے بارے میں تجاویز پیش کی تھیں۔ وکلاء نے مزید کہا کہ نسل کشی کے مطالبات کو روکنے اور مذمت کرنے میں اسرائیلی حکومت کی ناکامی نسل کشی کنونشن کی صریح خلاف ورزی ہے۔ 7 اکتوبر کو جو کچھ ہوا تھا اس پر اسرائیل کے ردعمل سے جنوبی افریقہ حیران ہے۔
انہوں نے استدلال کیا کہ اسرائیل‘ جنگجوؤں اور عام شہریوں میں فرق نہیں کرتا اور جو کچھ وہ کررہا ہے وہ نسل کشی کے مترادف ہے۔ غزہ پٹی کو ایک بند جیل میں تبدیل کردیا گیا جہاں نسل کشی کی گئی۔ غزہ میں اسرائیل کے اقدامات نسل کشی کنونشن کی خلاف ورزی ہیں۔